برنگی نالہ سے معدنیات نکالنے کا سلسلہ | کوکرناگ میں کارروائی،کئی گاڑیاں ضبط

اننت ناگ //کوکرناگ میں نالہ برنگی سے غیر قانونی طور ریت اور بجری نکالنے والوں کے خلاف انتظامیہ نے خصوصی کارروائی کرتے ہوئے کئی ٹریکٹر ضبط کئے ۔کوکرناگ علاقہ میں نالہ برنگی سے مسلسل ریت اور بجری نکالنے کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے نالہ کی ہیت ہی تبدیل ہوگئی ہے اور کھیتی باڑی کے دوران کسانو ں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ۔نالہ برنگی سے آئے روز ریت اور بجری نکالنے سے اس نالہ کے متعدد مقامات جن میں صوف، دہرن، لارکی پورہ، سڈورہ خاص طور سے شامل ہے، گہرے جھیل بن چکے ہیں۔ غیر قانونی کان کنی کو روکنے کیلئے تحصیلدار کوکر ناگ نے سوموارکو نالہ میں اچانک چھاپہ مار کارروائی عمل میں لاکر غیر قانونی کام میں شامل کئی ٹریکٹر ضبط کئے۔ تحصیلدار کوکر ناگ سید معیز قادری نے کہاکہ کوکرناگ کی ماحولیات کی بچا کیلئے ایسی کارروائیاں ناگزیر بن چکی ہیں ۔انہوں نے اس کام میں ملوث افراد کو تنبیہ کیا کہ وہ اس غیر قانونی کام سے باز آجائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع معدنیات کے افسر کے ساتھ معاملہ اٹھایا جائے گا تاکہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جاسکے ،ساتھ ہی اے آر ٹی او اننت ناگ کو ضبط شدہ ٹریکٹروں کی رجسٹریشن کی جانچ کرنے کیلئے آگاہ کیا جائے گا۔