برف باری سے مہور گلاب گڑھ کے دیہات کا رابطہ منقطع

گول//دوروز سے ہو رہی برف باری کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔ گول میں کئی سڑکوں پر برف نہ ہٹانے کی وجہ سے علاقے ابھی بھی گول سب ڈویژن سے کٹے ہوئے ہیں جبکہ گول مہور سڑک پر برف نہ ہٹانے کی وجہ سے مکمل طو رپر زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے ۔وہیں گول بازار و سلبلہ روڈ پر اگر چہ برف ہٹائی گئی لیکن پھسلن کی وجہ سے ٹریفک متاثر رہی ۔ جے سی بی کے ذریعے سے سڑکوں پر برف ہٹانے کی وجہ سے سڑکوں کی حالت جہاں ابتر ہو جاتی ہے وہیں بہتر طریقے سے برف ہٹائی نہیں جاتی ہے جس وجہ سے پھسلن بن جاتی ہے اور اس برف ہٹانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا ۔پھلسن کی وجہ سے حادثات بھی ہونے کے خدشات کی وجہ سے ٹریفک پر بریک لگی ہوئی ہے ۔گول سنگلدان شاہراہ پر سخت پھسلن کی وجہ سے بڑی بسیں چل نہیں پائی اور اس سڑک پر بہتر طریقے سے برف نہیں ہٹائی گئی ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے بازار و دوسری سڑکوں پر سے برف ہٹائی جا رہی ہے اس سے کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ اس سے پھسلن پیدا ہوتی ہے سڑکوں پر اچھی طرح سے برف نہیں ہٹائی جا رہی ہے زیادہ تر برف سڑک پر ہی دب جاتی ہے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک بھی نہیں چل پا رہی ہے ۔ جے سی بی کے ساتھ برف ہٹانے کی وجہ سے سڑکوں پر بچھایا گیا تارکول اُکھڑ جاتا ہے اور اس وجہ سے لاکھوں کا نقصان ہوتا ہے اور ہر سال اسی طرح سے جے سی بی کے ذریعے سے یہاں برف ہٹائی جاتی ہے اور تمام سڑکوں کی حالت ابتر ہو گئی ہے اور جو نیا تار کول ڈالا گیا وہ بھی تمام اُکھڑ گیا ہے ۔ساتھ ساتھ پھسلن کی وجہ سے عام لوگوں کو چلنے میں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ۔ لوگوں نے گول کے لئے برف اُٹھانے والی ایک مشین کی مانگ کی ہے تا کہ سڑکوں پر اچھی طرح سے برف ہٹائی جا سکے ساتھ ساتھ سڑکوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔