برفباری کے بعد لورن کا سلطان پتری علاقہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز قدرتی حسن سے مالا مال علاقے کو سیاحتی نقشے پر لانے کا مطالبہ

عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ جہاں قدرتی حسن سے مالامال ہے وہیں برفباری کے بعد یہ علاقے اور بھی خوبصورتی کا منظر پیش کر رہے ہیں ضلع کی تحصیل منڈی میں متعدد ایسے خوبصورت مقامات ہیں جو موسمِ سرما میں برف باری کے بعد سیاحوں کی توجہ کے مراکز بنے ہوئے ہیں جن میں لورن کا سلطان پتری علاقہ میں روزانہ خطہ پیر پنچال اور جموں کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں کی تعداد میں سیاح قدرتی حسن کے ساتھ ساتھ برف کا بھی مزہ لے رہے ہیں لیکن سیاحوں کو اس دور دراز علاقہ میں نہ ہی کھانے پینے کی چیزیں ملتی ہیں اور نہ رات کو رکنے کے لئے کو ئی سہولیت میسر ہے ۔منوج کمار نامی ایک سیاح نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ان کا تعلق ضلع راجوری سے ہے اور وہ اپنے اہل وعیال کے ساتھ برف کا مزہ لینے سلطان پھتری پہنچے جہاں کیلئے انہوں نے کھانے پینے کا سارا سامان اپنے گھر سے ہی اٹھالایاتھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکار کی جانب سے ان خوبصورت علاقوں میں کسی بھی قسم کی تعمیر وترقی نہیں کی گئی ہے جس کا فائدہ سیاحوں کو مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ علاقے خوبصورتی میں گلمرگ اور سونہ مرگ سے کم نہیں ہیں اگر سرکار ان علاقوں کی ترقی کرے گی تو ان علاقوں میں بیرون ملک سے بھی سیاح آ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ منڈی تحصیل کے ساوجیاں، لورن آڑائی ،نندی چھول آڑائی اور جبی طوطی ایسے علاقہ جات ہیں جو سیاحت کے اعتبار سے قدرتی حسن سے مالامال ہیںاورمذکورہ علاقے موسمِ گرما اور سرما میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں مگر ان علاقوں میں سرکار کی جانب سے کسی بھی قسم کی ترقی نہیں کی گئی ہے۔مقامی لوگوں اور سیاحوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قدرتی حسن سے مالا مال علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ان علاقوں میں سیاحوں کو بنیادی سہولیات مل سکیں ۔