برفباری سے پیداشدہ صورتحال

سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے آج سرینگر کے کئی علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تازہ برفباری سے پیداشدہ صورتحال کاجائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس دوران صحت عامہ ،بجلی،محکمہ صحت ،ایس ایم سی ،ٹریفک ،ایم ای ڈی،یو ای ای ڈی،سی اے پی ڈی،میڈیکل اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے علاوہ دیگر کئی محکموں کے آفیسران کے ساتھ بات چیت کی جس دوران سڑکوں پر سے برف ہٹانے اور ڈی واٹرنگ کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سرینگر میں مختلف محکمے کسی بھی امکانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں اور اس سلسلے میں افرادی قوت اور مشینری کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے ۔ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہسپتالوں اوردیگر اہم مقامات کی طرف جانے والی سڑکوں کے علاوہ دیگر سڑکوں پر ترجیحی بنیادوں پر برف ہٹانے کی ہدایت دی۔انہوںنے بجلی اورپانی کی بلا خلل سپلائی کے لئے بھی اقدامات کرنے پر زوردیا تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے سرینگر میں تمام محکموں کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر (موبائیل نمبر9419151189)،اسسٹنٹ کمشنر ریونیو موبائیل نمبر7006690719 اورسب ڈویژنل مجسٹریٹ(ایسٹ) موبائیل نمبر9018991010نوڈل آفیسران کے طور پر کام کرکے اپنے متعلقہ علاقوں میں صورتحال پر نگاہ رکھیں گے۔عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر ان فون نمبرات پر رابطہ قائم کریں۔