برفباری اور بارشوں سے صورہ میں سڑکیں زیر آب

سرینگر//حالیہ برفباری کے نتیجہ میں ہی صورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کی بیشتر اندرونی رابطہ سڑکیں زیر آب آنے سے مقامی آبادی کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔صورہ،بژھ پورہ،اونتہ بھون،الہی باغ سمیت دیگر علاقوں میں حالیہ دنوں ہوئی برف باری اور بارشوں کے بعد رابطہ سڑکیںاورگلی کوچے ناقص نکاسی آب ہونے کے سبب زیر آب آگئے ہیں جس سے راہگیروں کودقتوں کاسامنا کرناپڑرہا ہے۔ اونتہ بھون کے شہری گلزار احمد کاکہنا ہے کہ برفباری اور پھر دو روز تک بارشوں کے باعث ناقص ڈرینیج نظام اور بہتر طریقے سے نالیوں کی تجدید و مرمت نہ ہونے سے پانی اندرونی رابطہ سڑکوں،گلی کوچوں میں جمع ہوجاتاہے جس سے چلنے پھرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ادھر صورہ سے ملحقہ علاقہ ناری بل کی اندرونی رابطہ سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آ گئے ہیں جس سے آبادی کو عبور و مرور میں پریشانیاں درپیش ہیں۔