برفباری اوربارشوں سے نظام زندگی درہم برہم | سب ڈویژن بانہال میں بجلی کی سپلائی منگل رات سے ہی بند

بانہال// ضلع رام بن کے بانہال کھڑی اور پوگل پرستان کے علاقوں میں تازہ برفباری اور رام بن کے علاقوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اور سب ڈویژن بانہال کے تمام علاقوں میں بجلی کی سپلائی گزشتہ رات سے ہی منقطع ہوگئی ہیں جبکہ کھڑی مہو منگت رابط سڑکیں بھی برفباری کی وجہ سے ناقابل آمدورفت ہو کر رہ گئی ہیں۔منگل کی رات سے بانہال اور رام بن کے علاقوں میں پہلے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر رات بارشوں کے ساتھ ساتھ برفباری میں تبدیل ہوا۔ بانہال میں دوسرے سے چار انچ برف ہوئی ہے جبکہ مہو۔منگت سراچی اور دیگر اوپری پہاڑی علاقوں میں تین سے پانچ انچ تک برفباری ہوئی ہے۔ برفباری کی وجہ سے معمول کی زندگی تھم سی گئی ہے اور منگل کی رات سے بانہال ، کھڑی اور رامسو سب ڈویژن بند ہوئی بجلی کی سپلائی بدھ دیر شام تک بحال نہیں کی جاسکی ہے۔برفباری کی وجہ سے کئی علاقوں میں ثمردار اور غیر ثمردار درختوں اور رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم ضلع انتظامیہ کی طرف سے ان اطلاعات کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ برفباری کی وجہ سے موسم مزید ٹھنڈا ہوگیاہے اور سردی کی شدت ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔