راجوری//راجوری میں محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے تقریباً چار سال قبل شروع کی گئی سڑک کی تعمیر کے ایک چھوٹے سے منصوبے کو مکمل کرنے میں ناکام رہا ہے جس کی وجہ سے جہا ں عام لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں وہائیں کئی برسوں سے پروجیکٹ التوا کا شکار ہے۔محکمہ تعمیرات عامہ کے راجوری ڈویڑن کے تحت سڑک ،جس کی لمبائی تقریباً دو سے تین کلو میٹر ہے کا تعمیر ی عمل 2018میں شروع کیا گیا تھا لیکن پہلے مرحلے میں سڑک کی کٹائی و نالی تک ہی محدود رکھی گئی تھی۔دوسرے مرحلے میں سڑک کی سطح پر بجری بچھائی گئی تاہم اس کے بعد کوئی عملی کام نہیں کیا گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک گورنمنٹ ہائی سکول مراد پور کے قریب سے شروع ہوئی اور مراد پور بینک کے قریب جموں پونچھ ہائی وے کیساتھ جوڑی گئی ہے تاہم مذکورہ رابطہ سڑک مراد پور کے پانچ سے زائد علاقوں کی عوام کو فائدہ پہنچا سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کافی عرصے سے جاری تھا جس کے بعد 19-2018 میں کام شروع کیا گیا تھا لیکن اس سڑک کی لمبائی کافی کم ہونے کے باوجود ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال سے اس سڑک پر کوئی کام نہیں کیا گیا اور سڑک کی سطح پر بچھائی گئی بجری حادثات کی وجہ بنتی جارہی ہے مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی جائیں۔متعلقہ محکمہ کے ایگز یکٹو انجینئر نے ٹھیکیدار کو کام میں تا خیر کی اصل وجہ بتایا۔انہوں نے کہاکہ موسم میں بہتری کے بعد ہی تار کول بچھانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
برسوں سے ’مراد پور‘سڑک تکمیل کی منتظر | 5سے زائد گائوں کی عوام کو دقتوں کا سامنا
