برسبین ٹیسٹ میں آسٹریلیا فتح سے 56 رنز دور

برسبین/برسبین میں کھیلے جانے والی ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 114 رنز بنا لیے ہیں۔میزبان ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میں جیت اور سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرنے کے لیے صرف 56 رنز درکار ہیں۔چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر بین کرافٹ 51 اور ڈیوڈ وارنر 60 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔اس سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 195 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور اس نے آسٹریلیا کو جتینے کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا۔انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں آسٹریلوی بولرز کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کر سکی اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔مہمان ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں جو روٹ نے 51، بیر سٹو نے 42 اور معین علی نے 41 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک، ہیزل وڈ اور نیتھن لیون نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ اور شان مارش نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو اس کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 328 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی خاص بات کپتان سٹیو سمتھ کی شاندار سنچری تھی، انھوں نے 14 چوکوں کی مدد سے 141 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں کرس براڈ نے تین، جیمز اینڈرسن نے دو اور معین علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان موجودہ ایشز سیریز میں پانچ ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔انگلینڈ کی ٹیم گذشتہ ایشزیز سیریز کی فاتح رہی تھی۔