سرینگر// بد گیر کاوڈارہ اور کنی پورہ میں بجلی کی عدم دستیابی سے لوگوں میں سخت غم و غصہ پایاجارہا ہے۔ بدگیر کائوڈارہ کے لوگوں نے بجلی ٹرانسفامر کی عدم موجودگی سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنے پرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اس سلسلے میں کوتاہی سے کام لے رہا ہے۔علاقے سے آئے ہوئے لوگوں کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ گیر کوچہ کاوڑارہ میں کئی ہفتے قبل بجلی ٹرانسفامر خراب ہوااورابھی تک اس کی مرمت نہیں کی گئی ۔وفد نے کہا کہ سردیوں کے ایام میں اہل علاقہ بالخصوص بچوں اور بزرگوں کو بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وفد نے کہا کہ15روز قبل محکمہ بجلی کے اہلکاروں نے یہ ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے کیلئے اٹھایا تھا،تاہم ابھی تک اس کو واپس نہیں لایا گیا۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ خراب ٹرانسفارمر کو جلد از جلد ٹھیک کر کے واپس نصب کیا جائے،یا تب تک کوئی متبادل ٹرانسفارمر علاقہ کو دیا جائے،تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکیں۔ادھر چنار کالونی کنی پورہ کی آبادی بجلی کے ابتر صورتحال کا سامنا کر رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آبادی کیلئے پچھلے کچھ دنوں سے بجلی کی آنکھ مچولی درد سر بن گئی ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ علاقے کو 24گھنٹوں میں سے صرف 3سے 4گھنٹوں کیلئے بجلی ملتی ہے جس سے وہ سرما کے ان ایام میں سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔لوگوں نے کہا کہ اُن کے بچوں کی تعلیم بھی بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقے کیلئے کوئی بھی بجلی شیڈول نہیں ہے اور من مرضی سے لوگوں کو بجلی فراہم کی جاتی ہے ۔مقامی آبادی نے محکمہ کی چیف انجینئر سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے کیلئے اقدمات کئے جائیں تاکہ آنے والے دنوں میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے