بدھ کے روز قومی شاہراہ پر مرمت کا دن

بانہال//آج یعنی بدھ کے روز ناشری اور بانہال کے درمیان جموں سرینگر شاہراہ کی ہفتہ واری ضروری مرمت کے پش نظر شاہراہ پر آنے والی گاڑیوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ بدھ کے روز شاہراہ کا سفر نہ کریں ورنہ ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ۔ ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے بانہال شمیشر سنگھ  نے منگل کی شام کشمیر عظمی کو بتایا کہ بدھ کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ہفتہ وار مرمت کے پیش نظر ٹریفک کی نقل وحرکت  بند رہتی ہے اور جواہر ٹنل اور ناشری ٹنل کے درمیان کسی بھی قسم کے ٹریفک کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی  ۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کے روز ہائے وے ڈرائی ڈے کے سرکاری احکامات کے باوجود شاہراہ پر نکل آنے والے گاڑی والوں کے خلاف سرکاری حکم عدولی اور شاہراہ پر امن و قانون کی صورتحال پیدا کرنے کی پاداش میں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرکاری ملازم ڈیوٹی پر جانا چاہتے ہیں تو وہ صبح آٹھ بجے سے پہلے پہلے اپنی منزلوں کا سفر کریں ۔ انہوں نے کہا کہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں بدھ کی صبح آٹھ بجے سے شام آٹھ بجے تک کسی بھی قسم کے ٹریفک کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔