بدھل کے درجنوں دیہات بجلی سے محروم

کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی بدھل تحصیل کے متعدد دیہات اس جدید دور میں بھی بجلی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں تاہم متعلقہ محکمہ و مقامی انتظامیہ کی جانب سے صارفین کو بجلی فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی معززین نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے لوگوں کو بجلی فراہم کرنے کیلئے سوبھاگیہ جیسی سکیم بھی شروع کی گئی لیکن مذکورہ سکیم بھی غریبوں کا مقدر تبدیل نہیں کرسکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلاک بدھل نیوکی پنچایت اپر کیول کی کچھ وارڈوں میں ابھی تک بجلی جیسی بنیادی سہولیات فراہم ہی نہیں کی گئی ۔مقامی شخص محمد لطیف ،جاوید اقبال اور زاہد ساگر نے بتایا کہ ملک کو آزادہوئے کئی دہائیاں بیت گئی ہیں لیکن دیہات میں ابھی تک بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہوسکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ بھی کئی دیہات اور پنچایتوں کی وارڈیں ہیں جہاں پر بجلی کی سپلائی ابھی تک ممکن نہیں بنائی جاسکی ہے ۔