بدھل میں ملی ٹینٹوں کی کمین گاہ تباہ سیکورٹی فورسز نے گولہ بارود، دستی بم اور ڈیٹونیٹر برآمدکئے

سید زاہد

راجوری//جموں و کشمیر پولیس اورفوج نے جمعہ کو راجوری کے ایک گاؤں میں دہشت گردی کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا اور تیس گولیوں کے ساتھ پانچ ہینڈ گرنیڈ، چھ ڈیٹونیٹرز اور ایک اے کے رائفل میگزین برآمد کی ۔راجوری کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محمد اسلم نے بتایا کہ بدھل پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم ، ایس او جی اورراشٹریہ رائفلز (60RR) بٹالین کی ٹیموں نے بدھل کے ترگائیں کے بالائی علاقہ میں چلائی گئی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران مذکورہ گولہ بارود ضبط کرلیا گیا ۔ایس ایس پی راجوری نے بتایا کہ اس تلاشی کارروائی میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے میں سے دھماکہ خیز مواد اور خفیہ ٹھکانے میں چھپایا گیا گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ برآمدگی میں پانچ دستی بم، چھ ڈیٹونیٹرز، ایک اے کے رائفل میگزین، تیس اے کے گولیاں، ایک لفافہ کپڑا، دو لفافے پولی تھین شامل ہیں۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ بازیابی کے فوراً بعدفوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دستی بموں کو کنٹرول دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیاجبکہ علاقے میں مزید تلاش جاری ہے۔