راجوری//ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے لئے بڑے پیمانے پر مہم اور عوامی جلسوں کے دوران ہر گزرتے دن کے ساتھ سیاسی سرگرمیاں بڑھتی جارہی ہیں ۔ ضلع راجوری کے 2 ڈی ڈی سی حلقوں میں حقیقی رشتہ داروں کے مابین سیاسی مقابلہ سب کی توجہ کا مرکز بناہواہے ۔یہ دو حلقے جن سے حقیقی رشتہ دارایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کررہے ہیں ،میں بدھل اولڈ اے اور کالاکوٹ شامل ہیں۔بدھل اولڈ اے حلقہ ایس ٹی خواتین کے لئے مختص ہے جہاں سے 3 امیدوار میدان میں ہیں جن میں نیشنل کانفرنس سے شاہین اختر اوراپنی پارٹی سے زبیدہ بیگم شامل ہیں جو سابق وزیر اور پارٹی کے نائب صدر چودھری ذوالفقار علی کی اہلیہ ہیں۔اس نشست پر تیسری امیدوارشازیہ اختر اہلیہ بی ڈی سی چیئرمین کوٹرنکہ جاوید اقبال ہیں۔چودھری ذوالفقار علی اور جاوید علی دونوں ایک دوسرے کے حقیقی رشتہ دار ہیں اور ذوالفقار ،جاوید اقبال کے ماما ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں امیدواروں یعنی زبیدہ بیگم اور شازیہ اختر نے حال ہی میں اپنی سرکاری خدمات سے استعفیٰ دے دیا اور ڈی ڈی سی انتخابات لڑنے کے لئے سیاست میں شامل ہوگئیں۔واضح رہے کہ چودھری ذوالفقار علی نے دو مرتبہ درہال کوٹرنکہ سے ایم ایل اے کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور پی ڈی پی۔ بی جے پی مخلوط حکومت میں کابینہ وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں‘‘۔دوسری طرف جاوید اقبال نے 2018 سرپنچ انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی اور اس کے علاوہ 2019 کے بی ڈی سی چنائو میں بھی آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی پائی ۔