بدنامِ زمانہ منشیات فروشوں پر پی ایس اے عائد

عاصف بٹ

کشتواڑ// خطہ چناب کے کشتواڑ ضلع میں اتوار کو دو بدنامِ زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ عبدالقیوم نے کہا کہ مومن کمل اور اعجاز احمد کشتواڑ قصبے میں نوجوانوں کو منشیات فراہم کرنے والے سرغنہ کے طور پر کام کر رہے تھے اور پی ایس اے کے تحت ان کی حراست منشیات کی لعنت سے نمٹنے کیلئے ایک کثیر الجہتی حکمت عملی کا حصہ تھی۔ ایس ایس پی نے کہا یہ دونوں بدنام زمانہ منشیات فروش ہیں اور منشیات کی فروخت کے متعدد مقدمات میں نامزد ہیں ان کی سرگرمیوں کو روکنے اور نوجوانوں کو منشیات کی لت سے بچانے کے لئے پی ایس اے کے تحت ان کی حراست کی ضرورت تھی۔انہوں نے کہاکہ پی ایس اے کے احکامات حاصل کرنے کے بعد انتہائی مطلوب منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے کے لئے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جنہیں بعد میں ضلع جیل کشتواڑ میں رکھا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ پولیس منشیات کے استعمال سے نمٹنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے جس میں ضلع بھر میں آگاہی پروگرام منعقد کرنا اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنا شامل ہے۔