بلال فرقانی
سرینگر// مرکزی ویجی لنس آرگنائزیشن کی جانب سے16اگست سے بدعوانی کے خلاف عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کے بیچ اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ جموں کشمیر میں انسداد رشوت ستانی ادارے انٹی کورپشن بیورو نے جعلسازی،دھوکہ دہی اور رشوت ستانی کے خلاف رواں سال 53کیس درج کئے ہیں۔ وادی میں مجموعی طور پر درج کیسوں کی تعدد31اور جموں میں22ہے۔ دستیاب اعدادو شمار کے مطابق وادی میںانٹی کورپشن بیورو تھانہ سرینگر میں18، بارہمولہ میں9اور اننت ناگ میں9کیس درج کئے گئے جبکہ جموں میں اے سی بی تھانہ سنٹرل میں7،جموں میں9،ادھمپور میں ایک، راجوری میں4اور ڈوڈہ میں ایک کیس درج کیا گیا۔جن افسروں کے خلاف یہ کیس درج ہوئے ان میں پولیس افسر،انجینئر،نائب تحصیلدار، پٹواری، بلاک ڈیولپمنٹ افسر،سائنسداں،فارسٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر شامل ہیں۔انٹی کورپشن بیورو بارہمولہ میں رواں سال مئی میںفروٹ اینڈ ویجی ٹبیل منڈی نوپورہ سوپور منڈی میں مبینہ غیر قانونی اور جعلسازی سے دکانوں کی الاٹمنٹ کے سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر اور اس وقت کے ائریا مارکیٹنگ افسر سوپور کے علاوہ48دیگر غیر قانونی مستحقین کے خلاف کیس درج ہوا۔
مئی میں ہی اس وقت کے پٹواری جو فی الوقت گرداوار قانون گو ہے کے خلاف آمدن سے زائد جائداد کے نتیجے میں کیس درج ہوا ْ۔ مارچ میں فارسٹر رینج افسر وتر گام بارہمولہ کے خلاف12ہزار500روپئے رشوت طلب کرنے اور لینے کی شکایت کے علاوہ مارچ میں ہی جونیئر انجینئر دیہی ترقی محکمہ کے خلاف شکایت کے نتیجے میں جال بچھا کر5ہزار کی رشوت طلب کرنے اور حاصل کرنے کے حوالے سے کیس درج کئے گئے۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق مئی میں نائب تحصیلدار کھریو اور ایک سلیکشن گریڈ کانسٹبل کے خلاف10ہزار رشوت لینے اور جولائی میں پتی بنگام کولگام میں ایک فیئر پرائس شاپ کیپر کے خلاف4ہزار روپئے رشت لینے کے علاوہ حلقہ فتح پورہ اننت ناگ کے پٹواری کے خلاف اگست میں5ہزار رشوت لینے کے ضمن میں کیس درج کئے گئے۔ اننت ناگ میں ہی سابق ایگزیکٹو افسر اور سابق خلاف ورزی انسپکٹر،سابق ہیڈ اسسٹنٹ،سابق ورکس سپر وائزر کے خلاف مارچ میں رقومات میں ہیرا پھیری کرنے کے خلاف کیس درج ہوا۔ جنوری میں ہی اے سی بی تھانہ سرینگر میں پولیوشن کنٹرول بورڈ کے سائنسداں(بی)کے خلاف5ہزار روپئے رشوت لینے جبکہ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن سرینگرکے بُکنگ منیجر کے خلاف مارچ میں مسافر ٹکٹوں میں غبن کے علاوہ این آئی ٹی کے پروفیسر اور پی ایم جی ایس وائی کے سابق سپر انٹنڈنٹ انجینئر کے خلاف آمدن سے زائد جائداد رکھنے کے حوالے سے کیس درج کئے گئے۔جموں میں بھی اے سی بی کی کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔مارچ 2024میں اے سی بی راجوری نے سابق صدر میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی، سابق ایگزیکیٹو افسر،سابق انچارج سینٹری انسپکٹر کے علاوہ گوری سیلز ایجنسی کے خلاف فنڈس میں ہیرا پھیری اور مئی میں سابق تحصیلدار راجوری اورپٹواری کے خلاف دستاویزات میں قلم زنی کرنے کے خلاف کیس درج کیا گیا۔فروری میں ہی ایک پولیس انسپکٹر کے خلاف آمدن سے زائد جائداد کے حوالے سے کیس درج کیا گیا۔