بخاری کی قیادت میں نئی سیاسی جماعت کا اعلان 7 مارچ کو متوقع

سرینگر// سینئر سیاسی رہنما اور جموں وکشمیر کے سابق وزیر سید الطاف بخاری کی قیادت والے سیاسی گروپ نے نئی پارٹی کی تشکیل کا منصوبہ مکمل کرلیا ہے اور اس سلسلے میں تشکیل دی گئی 6رکنی آئین ساز کمیٹی نے پارٹی دستور کادستاویز تیار کیا ہے ،جو 6مارچ کو سرینگر میں مجوزہ کور گروپ ممبران کی اہم میٹنگ کے دوران پیش کیا جائیگا ۔ نئی پارٹی کا اعلان 7مارچ تک متوقع ہے ۔ادھر پی ڈی پی سرپرست اور جموں وکشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ مظفر حسین بیگ کی الطاف گروپ میں شمولیت کے حوالے سے ابہام برقرار ہے ۔کے این ایس  کے مطا بق سینئر سیاسی رہنما اور جموں وکشمیر کے سابق وزیر سید الطاف بخاری کی قیادت والے سیاسی گروپ کے کور گروپ ممبران کا ایک غیر معمولی اجلاس6مارچ کو سرینگر میں منعقد ہونے جارہا ہے ،جس میں نئی سیاسی پارٹی کی تشکیل کے حوالے سے حتمی فیصلہ لیا جائیگا ۔ذرائع نے بتایا کہ سرینگر میں مذکورہ سیاسی گروپ کی پہلی میٹنگ منعقد ہوگی جس میں گروپ کے کور ممبران ہی شرکت کریں گے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کی صدارت گروپ کے سربراہ سید الطاف بخاری کریں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ گروپ کی جانب سے تشکیل دی گئی 6رکنی آئین ساز کمیٹی نے پارٹی دستور کا ڈرافٹ تیار کیا ہے اور مذکورہ کور گروپ کی میٹنگ میں وہ اس حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کرے گی ،جسکے بعد نئی سیاسی پارٹی پر حتمی مہر ثبت کی جائیگی ۔یاد رہے کہ کہ نئی سیاسی پارٹی کی تشکیل کیلئے سید الطاف بخاری گروپ نے با ضابط طور پر6سیاسی رہنما ئوں پر ایک آئین ساز کمیٹی تشکیل دی تھی ،جس میں غلام حسن میر ، محمد دلائو ر میر ، رفیع میر ، چودھری قمر حسن ، جاوید حسین بیگ اور راجہ منظور شامل ہیں۔مذکورہ سیاسی گروپ کے کور ممبر محمد دلاور میر نے  اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کور گروپ کی اہم میٹنگ 6مارچ کو سرینگر میں منعقد ہورہی ہے ،جس میں کئی اہم فیصلے لئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ میں نئی سیاسی پارٹی کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا جائیگا جبکہ آئین ساز کمیٹی اپنی رپورٹ کور گروپ کو اسی میٹنگ میں پیش کرے گی ۔ادھر گروپ کے ایک اور ممبر نے کہا کہ پی ڈی پی کے سرپرست اور جموں وکشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ مظفر حسین بیگ کی اُنکے گروپ میں شمولیت کے حوالے سے اُنہیں کوئی علم نہیں ہے ۔ان کا کہناتھا کہ مظفر حسین بیگ کیساتھ اُن کا کوئی رابطہ نہیں ہے اور اس پر رائے زنی کرنا بھی قبل از وقت ہوگا ۔