نئی دہلی//مسلح افواج کے سربراہان کی اسٹاف کمیٹی کے صدر اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل سنیل لانبا 19 سے 23 مارچ تک پانچ دن کے امریکی دورے پر رہیں گے ۔بحریہ کے مطابق ایڈمرل لانبا کے دورہ کرنے کا مقصد ہندوستان اور امریکہ کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزیدمضبوط بنانا اور سیکورٹی کے شعبہ میں تعاون کے نئے امکانات کا پتہ لگانا ہے ۔امریکہ کے دورے کے دوران ایڈمرل لانبا امریکی وزیر دفاع جیمس میٹس کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کریں گے ۔ وہ امریکی فوجوں کے سربراہوں اور بحریہ کے متعدد دیگر سینئر حکام کے ساتھ بھی میٹنگ کریں گے ۔ ایڈمرل لانبا ہوائی میں پرل ہاربر واقع پیسیفک کمانڈ کے ہیڈکوارٹر، ڈیلگرین میں واقع بحری سرفیس وارفیئر سے ٹر اور واشنگٹن ڈی سی میں آرلٹن نیشنل سمیٹری بھی جائیں گے ۔ہندوستان اور امریکہ کے درمیان قریبی، روایتی اور دوستانہ تعلقات رہے ہیں اور اس دوران دونوں ملکوں نے دفاع کے شعبوں میں کئی اہم معاہدے کئے ہیں۔ ان میں ڈیفنس فریم ورک ایگریمنٹ اور فوجی ساز و سامان کے تبادلے اور ایک دوسرے کے فوجی اڈوں کے باہم استعمال سے منسلک معاہدے اہم ہیں۔ امریکہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے سال 2016 کے دورے کے دوران ہندوستان کو اہم دفاعی ساتھی کا درجہ بھی دیا تھا۔ہندوستانی بحریہ بھی امریکی بحریہ کے ساتھ مختلف سطح پر تعاون کر رہی ہے ۔ دونوں بحریہ مالابار اور رمپیک جیسی متحدہ مشقیں کرتی رہی ہیں۔ دونوں کے بحری جہازبھی باقاعدگی سے ایک دوسرے کے بندرگاہوں پر آتے جاتے رہے ہیں۔ یو این آئی-
بحریہ کے سربراہ 5دن کے دورہ پر پیر کو امریکہ جائیں گے
