بجٹ 2018 ، 2022 تک کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنا ممکن نہیں :منموہن سنگھ

نئی دہلی// سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے گزشتہ روز پیش کئے گئے بجٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2022 تک کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنا ممکن نہیں ہے۔کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے اپوزیشن جماعتوں کی ایک میٹنگ کے بعد سنگھ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کہا ہے کہ کسانوں کی آمدنی 2022 تک دوگنی ہوجائے گی لیکن زرعی ترقی 12 فیصد ہونے تک ممکن نہیں ہے۔ جب تک ہم اسے حاصل نہ کرلیں تب یہ ایک کھوکھلی یقین دہانی ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ مالی خسارے میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل دن میں سنگھ نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ کس طرح حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ مجھے نہیں لگتا کہ انتخابات میں نمبرات حاصل کرنے کی خاطر حوصلہ افزائی کیلئے بجٹ کو موردالزام ٹھہرانا مناسب ہے لیکن میں اس بات سے دکھی ہوں کہ مالی حساب غلط ہے۔