بجٹ اجلاس2018-19 : ویری نے اسمبلی اجلاس کے انتظامات کا جائیزہ لیا

جموں// مال، امداد ، اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے کل اسمبلی کمپلیکس کا دورہ کر کے وہاں آنے والے بجٹ اجلاس کی تیاریوں کا جائیزہ لیا۔وزیر موصوف نے اسمبلی کمپلیکس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور2 جنوری2018 سے شروع ہونے والے اجلاس کی تیاریوں کا جائیزہ لیا۔سیکرٹری قانون ساز اسمبلی ایم آر سنگھ، ڈائریکٹر اسٹیٹس تصدق جیلانی اور کئی دیگر افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔سیکرٹری اسمبلی نے وزیر کو اجلاس کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ اکثر بڑے کام پورے کئے جاچکے ہیں اور انہیں صرف حتمی شکل دینے کی ضرورت ہے۔ڈائریکٹر اسٹیٹس تصدق جیلانی نے وزیر کو کاموں کی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔ویری نے افسروں پر زور دیا کہ وہ کمپلیکس کے اندر اور باہر صفائی و ستھرائی کو ہر صورت میں یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی، ساؤنڈ نظام اور روشنی کا باضابطہ انتظام کیا جانا چاہئے۔وزیر نے افسروں سے کہا کہ وہ اجلاس سے پہلے ارکان اسمبلی کے لئے تمام سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اسمبلی کمپلیکس کے کاموں میں سرعت لانے کی بھی ہدایات دیں۔