بجلی کے عارضی ملازمین کی مستقلی کا معاملہ

 سرینگر //انتظامی کونسل کے فیصلے کے تحت ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ بجلی نے جموں وکشمیر پاور ڈیولپمنٹ محکمہ میں عارضی طور کام کر رہے 346ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے اُن کی عمر اور تعلیمی قابلیت میں نرمی دینے کا حکم جاری کیا ہے ۔ایڈیشنل سیکریٹری کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات میں بتایا گیا ہے کہ23فروری کو انتظامی کونسل کی میٹنگ میں محکمہ بجلی کے PDLs/TDLsکی مستقلی سے متعلق جن سفارشات کو منظوری دی گئی، اور جن کے مطابق کارپوریشن کے ریکروٹمنٹ رولز کے مطابق جن عارضی ملازمین کی مستقلی کا معاملہ زیر غور ہے، حکومت کی تعلیمی قابلیت اور انکی عمر میں نرمی دینے کا فیصلہ کررہی ہے۔ حکم نامے میں منیجنگ ڈائریکٹروں سے کہا گیا ہے کہ وہ روزانہ اُجرت پر کام کرنے والے مستقل ملازمین اورروزانہ اُجرت پر کام کرنے والے دیگر عارضی ملازمین کے اصل دستاویزات جمع کرکے مناسب سطح پر کارروائی کیلئے آگے روانہ کریں ۔یاد رہے کہ ان 346ملازمین کا معاملہ تین برسوں سے لٹکا ہوا ہے۔