بجلی کی نجکاری عوام کے لئے نقصان دہ :وکلاء

پونچھ// پونچھ کے وکلاء نے بجلی کی نجکاری کے حکومتی منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے عوام کو بہت زیادہ نقصان ہو گا۔اس سلسلہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران سینئر ایڈووکیٹ مہندر پیاسا نے کہا نے جموں وکشمیر میں عوام کی اکثریت  خطِ افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والی ہے جن پر اس اقدام کا بہت برا اثر پڑے گا کیونکہ نجکاری سے عام لوگ اْن تمام مراعات سے محروم ہوجائیں گے جو حکومت بجلی کی سبسڈی کی صورت میں دیتی ہے۔ اس موقعہ پر موجود سینئر ایڈوکیٹ روہنی پریمال، ایڈوکیٹ طاہر اور ایڈوکیٹ عرفان نے کہاکہ بجلی کی نجکاری کے اقدام عوام کْش اور عوام مخالف ہے جس سے معاشرے کے پسماندہ طبقوں تک بجلی رسائی ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا جموں و کشمیر میں معاشی سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں، پرائیویٹ سیکٹر دم توڑنے کے قریب ہے، بے روزگاری عروج پر ہے، حد سے زیادہ مہنگانی نے متوسط طبقہ کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ایسی صورتحال میں انتظامیہ بجلی کی نجکاری کر رہی ہے جو تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس اقدام کی مذمت کرتے ی ہیں اور لیفٹیننٹ گورنر جموں کشمیر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بجلی کی نجکاری کے منصوبے کو فوری طور پر منسوخ کریں۔