اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کی تحصیل چلی پنگل میں مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی کی ناقص کارکردگی کے خلاف ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔سیاسی و سماجی کارکن مشتاق احمد ملک کی قیادت میں مظاہرین نے محکمہ بجلی کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کا کوئی بھی شیڈول مرتب نہیں ہے اور ماہ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی نظام میں مزید خرابی آگئی ہے اور باالخصوص افطاری و سحری کے اوقات میں بجلی کی آنکھ مچولی رہتی ہے۔ محمد صادق ملک نامی ایک مقامی شہری نے کہا کہ بجلی کی ناقص کارکردگی سے نہ صرف عام صارفین پریشان ہوتے ہیں بلکہ نجی و سرکاری اداروں میں بھی کام کاج متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا وہ خدمت سینٹر چلاتے ہیں لیکن بجلی کی ناقص کارکردگی سے دن بھر عوامی کام کاج بری طرح متاثر ہورہا ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ محکمہ بجلی ماہانہ کرایا وصول کرنے میں کوئی کسر نہیں رکھتا لیکن بہتر بجلی نظام بنانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ کے چند ملازمین جان بوجھ کر رمضان کے مہینے میں بجلی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہیں۔مظاہرین نے انتباہ کیا کہ اگر بجلی شیڈول میں ترمیم نہیں کی گئی تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔