بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی عوام کیلئے دردِ سر : شمسی

راجوری // الہدی ٰایجوکیشنل ٹرسٹ چیئرمین امیر محمد شمسی نے محکمہ بجلی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی عوام کیلئے درد ِ سر بن چکی ہے ۔راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شمسی کاکہناتھاکہ راجوری میں پچھلے بیس روز سے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے عوام کا جینا مشکل ہوگیاہے جبکہ ترسیلی لائنیں بھی سرسبز درختوں سے لٹک رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ عوام سے صرف بلیں وصول کرنے پر مصر ہے جبکہ بجلی کی سپلائی سے اسے کوئی سروکار نہیں ۔انہوںنے کہاکہ لوگ پریشان حال ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔شمسی کاکہناتھاکہ عوام کو بجلی شیڈیول کے مطابق سپلائی نہیں کی جارہی اور غیر اعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ بڑھتاہی جارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ اعلانیہ کٹوتی عوام کے لئے مشکل کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شدت کی گرمی کے باوجود بجلی کی مکمل فراہمی کو یقینی نہیں بنایا جارہا جس سے عیاں ہوتاہے کہ حکام عوامی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ وہ بجلی سپلائی میں معقولیت لائیں ۔