بجلی کی عدم دستیابی | خانپورہ بارہمولہ میں محکمہ کے خلاف احتجاجی دھرنا

 بارہمولہ// شمالی قصبہ بارہمولہ کے خانپورہ علاقے میں بجلی کی عدم دستیابی کے پیش نظر لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔سوموار کی صبح کوخواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شاہراہ پرجمع ہوکر دھرنا دیا جس کے بعدکچھ دیر تک ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی۔ احتجاج میں شامل صارفین نے محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ علاقے میں پچھلے کئی ہفتوں سے بجلی کی کٹوتی سے وہ سخت پریشان ہیں۔ اس دوران بارہمولہ پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اورانہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں اعلیٰ حکام کو آگاہ کریں گے جس کے بعد احتجاجی مظاہرین پرامن طور منتشر ہوئے تاہم انہوں نے دھمکی دی کہ اگر محکمہ ان کا مسئلہ حل نہیں کرتا ہے تو وہ پھر احتجاجی راستہ اختیار کریں گے۔دریں اثناء پی ڈی ڈی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ لوگ ہیٹر اور بوائلر استعمال کررہے ہیں جس کی وجہ سے ٹرانسفارمروہ بوجھ برداشت نہیں کرپاتے ہیں جس کے نتیجے میں بجلی کی کٹوتی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پھر بھی اس معاملے کو دیکھا جائے گے۔