سرینگر//بجلی کی آنکھ مچولی سے تنگ آکر لال بازار میں کل مرد و زن نے سڑکوں پر نکل کر برستی بارش کے دوران محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا اور محکمہ بجلی کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی ۔احتجاجی لوگوں نے بتایا کہ لال بازارعلاقہ میں گزشتہ کئی ہفتوں سے بجلی کی آنکھ مچولی معمول بن چکی ہے جس کی وجہ سے وہ شدید مشکلات سے دوچار ہیں ۔احتجاجی دھرنے میں خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی شامل تھی اور انہوں نے لال بازار حضرت بل سڑک پر رکاوٹیں کھڑا کرکے ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی۔احتجاجیوں نے محکمہ بجلی کے خلاف اپنی شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف سرکار شہر سرینگر کو ماڈل شہر بنانے کا راگ الاپتی ہے تو دوسر ی طرف شہری آبادی کو بجلی سے محروم رکھا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لال بازار علاقہ میں بجلی کا نظام مفلوج ہوگیا ہے اور بجلی کٹوتی میں اضافہ کی وجہ سے لوگ سردیوں کے ان ایام میں مشکلات سے دوچار ہیں ۔مظاہرین نے بتایا کہ کہ محکمہ بجلی کی جانب سے غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی کا شیڈول جاری رکھا گیا ہے جبکہ محکمہ نے بغیر بجلی سپلائی کے علاقے میں اضافی بجلی بلیں فراہم کی ہیں جس کے خلاف ہم برستی بارش میں احتجاجی مظاہرہ کرنے پر مجبور ہوگئے ۔بعد میں پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ محکمہ بجلی کے اعلیٰ افسران سے معاملے کی نسبت بات کی جائے گی جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام پریشان
