بجلی کی ابتر صورتحال | بانڈی پورہ میںبجلی بحران | لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا،ضلع ہسپتال بھی متاثر

بانڈی پورہ//بانڈی پورہ ضلع میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے ۔ ضلع کے قصبہ جات اور دیہات کو ہی بجلی کی آنکھ مچولی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ہے بلکہ ضلع ہسپتال بانڈی پورہ بھی متاثر ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بجلی کی مسلسل کٹوتی کے نتیجے میں انہیں پچاس لیٹر ڈیزل فی گھنٹہ خرچ ہوتا ہے۔ قصبہ کے ملحقہ علاقہ جات آجر، کلوسہ ،اونہ گام پنجیگام، سنرونی، آیت مولہ، اہم شریف چکریشی پورہ، پانار،بونہ کوٹ ،پزل پورہ ،درمہامہ ،منتری گام ، سملر، شوخبابا ،ارن چیونٹی مولہ کے لوگوں نے بتایا کہ مسلسل لوڈشیڈنگ اُن کیلئے عذاب بنا ہوا ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ مٹی کا تیل بھی میسر نہیں ہے جس کی وجہ سے شام ہوتے ہی گھپ اندھیراچھاجاتا ہے۔ سنروانی ،چکریشی پورہ اوراہم شریف بلال کالونی کے لوگوں نے بتایا کہ بجلی فیس کی باقاعدگی کے ساتھ ادائیگی کے باوجود اس قدر کٹوتی ناانصافی ہے۔
 
 

کپوارہ میں بجلی کی ابتر صورتحال | چیئرمین ڈی ڈی سی کپوارہ کا چیف انجینئر سے تبادلہ خیال

اشرف چراغ 
کپوارہ//ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرمین کپوارہ عرفان سلطان پنڈت پوری نے ضلع میں بجلی کی ابتر صورتحال کے حوالہ سے چیف انجینئر محکمہ بجلی کے ساتھ ملاقات کی ۔انہوںنے چیف انجینئر اعجاز احمد کو ضلع میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے مکمل جانکاری فراہم کی اور انہیں ضلع میں بجلی نظام میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا ۔پنڈت پوری نے مطالبہ کیا کہ ضلع میں زیر تعمیر نئے رسیونگ اسٹیشنو ںکو کم وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ ضلع کے بجلی نظام میں مزید بہتری آئے گی ۔چیف انجینئر نے موقع پر ہی کرالہ پورہ کے راوت پورہ میں تعمیر کئے گئے نئے رسیونگ اسٹیشن کے لئے چھ میگا واٹ بجلی ٹرانسفار مر کو منظوری دی جو لوگو ں کی دیرینہ مانگ تھی جبکہ ہندوارہ رسیونگ اسٹیشن کے لئے 10میگا واٹ بجلی ٹرانسفارمر کو بھی ہری جھنڈی دکھائی ۔ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرمین عرفان پنڈت پوری نے چیف انجینئرکی نو ٹس میں یہ معاملہ بھی لایا کہ ضلع کے غریب عوام پر بجلی فیس کا بھاری دبائو ہے اور انہیں 108بجلی فیس کے زمرے میں لایا جائے ۔چیف انجینئر بجلی نے چیئرمین کو یقین دلایا کہ ان کی جائز مانگو ں کو محکمہ اولین ترجیحات میں شامل کر کے انہیں حل کرنے کی کوشش کرے گا ۔