بجلی کٹوتی سے نجات کب ملے گی؟

 بالآخر وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔گزشتہ کچھ عرصہ سے ہم محکمہ بجلی کے عزائم کو بھانپتے ہوئے مسلسل قارئین کو خبر دار کررہے تھے کہ بجلی سپلائی کے حوالے سے ہمیں اچھی خبریں سننے کو نہیں ملیں گی اور اب بالکل ویسا ہی ہوا ۔ہفتہ کو محکمہ بجلی نے نیا کٹوتی شیڈول مشتہر کیا جس میں اعلانیہ طور کہاگیا کہ میٹر یافتہ علاقوں میں ہفتے میںساڑھے دس گھنٹے بجلی نہیں رہے گی جبکہ غیر میٹر یافتہ علاقوں میں یہ دورانیہ21گھنٹوں پر مشتمل ہوگا۔یوں نئے شیڈول کے مطابق میٹر یافتہ علاقوں میں اعلانیہ روزانہ ڈیڑھ گھنٹے جبکہ غیر میٹر یافتہ علاقوںمیں روزانہ تین گھنٹوں کی کٹوتی ہوناتھی تاہم عملی صورتحال یہ ہے کہ جہاں میٹر والے علاقوں میں ان ڈیڑھ گھنٹوں کے علاوہ غیر اعلانیہ طور کم ازکم مزید 3گھنٹوںکی کٹوتی ہورہی ہے وہیں بغیر میٹر والے علاقوں میں بجلی سپلائی کی صورتحال یہ ہے کہ پتہ ہی نہیں چل رہا ہے کہ یہ کب آتی ہے اور کب چلی جاتی ہے اور یوں عملی طور ان علاقوں میں10سے لیکر15گھنٹوں تک بجلی کٹوتی ہورہی ہے ۔نئے کٹوتی شیڈول کا دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ خصوصی طور صبح اور شام کے اوقات کو نشانہ بنایا گیا ہے اور نئے شیڈول کے مطابق دو نوں زمروں میں جہاںصبح ایک سے ڈیڑھ گھنٹے بجلی گل رہے گی جبکہ شام کے اوقات میںبھی یہی حال رہے گا ۔جہاں تک عقل و فہم کا تقاضا ہے تو یہ ایسے اوقات ہیں جب صارفین کو بجلی کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔شام کے وقت بجلی کا استعمال تو ویسے بھی عام ہے لیکن جب سردی کا موسم ہو تو صبح اور شام کے اوقات پر بجلی کی ضرورت اور زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کی جاتی ہے۔اب اگر اس شیڈول پر بھی عملدرآمد ہوتا تو بجلی کبھی کبھار درشن دیتی لیکن اس کے برعکس غیر اعلانیہ طور اس سے دوگنی کٹوتی کی جاتی ہے اور یوں عملی طور لوگوں کو اندھیروں میں دھکیل دیاگیا ہے ۔محکمہ بجلی نے حسب روایت اس بے تحاشا کٹوتی کیلئے وہی عذر پیش کیا ،جو وہ ہرسال پیش کرتے آرہے ہیں ،یعنی طلب اور سپلائی میں وسیع خلیج ہے اور اس خلیج کو پاٹنے کیلئے کٹوتی ناگزیر بن چکی ہے ۔محکمہ بجلی کے حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب بڑھ چکی ہے۔ان کے مطابق اس وقت بجلی کی طلب2000سے22سومیگاواٹ ہے جبکہ محکمہ صرف1680میگاواٹ ہی بجلی فراہم کرسکتا ہے اور یوں کٹوتی ناگزیر بن چکی تھی۔غور طلب ہے کہ طلب اور سپلائی میں موجود اس خلیج کوپاٹنے کیلئے کٹوتی شیڈول میں غیر میٹر یافتہ صارفین کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں پہلے سے ہی کٹوتی شیڈول پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوتا تھا۔7لاکھ سے زائد بجلی صارفین میں سے 80فیصد کے قریب صارفین ایسے ہیں جو میٹریافتہ زمرے میں نہیں آرہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ سپلائی اور ڈیمانڈ کے درمیان موجود خلیج کو پُر کرنے کیلئے انہی80 فیصد صارفین کو قربانی کا بکرا بنایا جائے گا۔ صارفین ،جو میٹر یا ایگریمنٹ کے تحت باضابطہ فیس اداکررہے ہیں ،ان کا حق بنتا ہے کہ انہیں بوقت ضرورت وافر مقدار میں بجلی فراہم کی جائے اور سرما سے زیادہ صارفین کو بجلی کی سب سے زیادہ ضرورت کب پڑ سکتی ہے۔مانا کہ بجلی کی چوری بھی ہوتی ہے تاہم وہ بجلی کہاں سے آتی ہے جو خاص الخاص افراد کیلئے افراد کیلئے چوبیسوں گھنٹے چالو رہتی ہے ۔کٹوتی شیڈول تو صرف عام لوگوں کیلئے ہے جبکہ وی آئی پی لائنیں ہمہ وقت چالو رہتی ہیںاور یوں کٹوتی شیڈول کے شکار صرف عام صارفین ہی بن جاتے ہیں جنہیں ارباب اختیار سرما کے کٹھن موسم میں حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیتے ہیں۔  بجلی بحران کیلئے خود محکمہ بجلی بھی کم ذمہ دار نہیںہے۔جہاں تک بجلی کے ترسیلی نظام کا تعلق ہے تو یہ حقیقت بھی کسی سے چھپی نہیں ہے کہ جموںوکشمیر کو صرف ناقص ترسیلی شعبہ کی وجہ سے سالانہ کروڑ وںروپے کے خسارے سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔سروے کے مطابق بجلی کی ترسیل کے دوران بوسیدہ اور ناقص ترسیلی نظام کی وجہ سے اس وقت بھی55فیصد سے زائد بجلی ضائع ہورہی ہے۔مشاہدے میں آیا ہے کہ دیہی علاقوں میں جہاں بجلی ٹرانسفارمر انتہائی خستہ حالت میں ہوتے ہیں وہیں بجلی کھمبے اور ترسیلی لائنیں اس قدر بوسیدہ ہوتی ہیں کہ ہر وقت حادثہ کا احتمال رہنے کے علاوہ بجلی بھی مسلسل ضائع ہوتی رہتی ہے۔ایسے میں بجلی خسارے اور بجلی بحران کیلئے اکیلے صارفین کو ذمہ دار ٹھہرانا جائز نہیں ہے۔ صارفین پر الزام لگانے کی بجائے محکمہ بجلی کے حکام کو چاہئے کہ وہ اپنے محکمہ کامکمل پوسٹ مارٹم کریں۔اس ضمن میں جہاں محکمہ میں موجود افرادی قوت کو جوابدہ بنانا ناگزیر بن چکا ہے وہیں محکمہ کی مشینری اور ترسیلی نظام کو اپ گریڈ کرنا ضروری ہے۔جب بجلی شعبہ کی زبوں حالی کیلئے خود محکمہ ذمہ دار ہے تو محض بجلی چوری کا بہانہ بنا کر صارفین کو بجلی سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ محکمہ بجلی کے حکام کو اپنے گریبان میں جھانک کر پہلے اپنی خامیوں کو سدھارنا چاہئے،اس کے بعد ہی صارفین کو مورد الزام ٹھہرایا جاسکتا ہے۔