بجلی لائن مین کی ہلاکت پر سندر بنی میں احتجاج

راجوری //سندر بنی میں محکمہ بجلی کے ایک لائن مین کی ہلاکت پر لوگوں نے بطور احتجاج جموں پونچھ شاہراہ کو لگ بھگ ڈھائی گھنٹے کیلئے بند رکھا۔لائن مین چنی لعل ولد منگت رام ساکن مارچولہ گائوں چھ روز قبل کام کرنے کے دوران کرنٹ لگنے سے جھلس گیاجس کے بعد اسے علاج کیلئے جموں منتقل کیاگیاجہاں اس نے صبح آخری سانس لی ۔جیسے ہی اس کی لاش کو سندر بنی لایاگیاتو اہل خانہ اور رشتہ داروں نے جموں پونچھ روڈ کو بند کرکے احتجاج کیا ۔مظاہرین نے کہاکہ لائن مین اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے وقت جان گنوابیٹھاہے اور اب اس کے اہل خانہ کے پاس گزر بسر کاکوئی ذریعہ نہیں رہا۔انہوںنے مانگ کی کہ گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے اور ساتھ ہی مالی معاونت بھی کی جائے ۔ ایس ایچ او سندر بنی اور دیگر افسران نے لوگوں کو احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی لیکن انہوںنے اس سے انکار کردیا۔بعد میں ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ اتل شرما موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے مظاہرین سے بات چیت کرکے ان کے مطالبات پورے کرنے کا یقین دلایا۔انہوںنے کہاکہ انتظامیہ نے اس سلسلے میں پہلے سے ہی پچاس ہزا رروپے کی امداد فراہم کی ہے اور مزید مالی معاونت بھی بہت جلد کی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ معاوضہ کی فائل تیار کرکے حکام کو بھیج جائے گی جبکہ انتظامیہ نے مہلوک شخص کے بیٹے کو ملازمت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیاہے ۔ایڈیشنل ایس پی کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کیاگیا اور شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بحال ہوئی ۔