بجلی شعبۂ میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کی فوری عمل آوری پرنرمل سنگھ کا زور

 سرینگر// نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے شعبۂ بجلی میں بہتری لانے کے لئے کئے گئے اقدامات کی کامیاب عمل آوری کے لئے قریبی تال میل سے کام کرنے پر زور دیا تا کہ وزیر اعظم کے ملک کے ہر قصبہ اور ہر گاؤں تک بلا خلل بجلی پہنچانے کا خواب پورا ہوسکے۔نائب وزیر اعلیٰ آج یہاں بجلی شعبۂ سے متعلق پروگراموں بشمول آر ای ۔ ڈی ڈی یو جی جے وائی/ ڈی ڈی یو جی جے وائی اور جموں وکشمیر میں یو ڈی اے وائی اور سب کے لئے بجلی سکیموں کی عمل آوری کا جائیزہ لینے کے لئے طلب کی گئی میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری بجلی، چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر آر ای سی لمٹیڈ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی جی سی آئی ایل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈی ڈی یو جی جے وائی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر این ایچ پی سی، سی ای او آر ای سی، پی ڈی سی ایل، ایم ڈی ج کے ایس پی ڈی سی، ڈیولپمنٹ کمشنر پاور، سیکرٹری ٹیکنیکل بجلی، چیف انجنئیران اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے افسروں کو ریاست میں بجلی کے شعبۂ کی توسیع کے لئے جاری سکیموں کی بروقت عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے قریبی تال میل بنائے رکھنے کیلئے کہا تا کہ صارفین کو بجلی کی معقول ترسیل یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ان سکیموں کی کامیاب عمل آوری سے اب تک بجلی سے محروم دیہات اور علاقوں تک بھی بجلی پہنچ جائے گی۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نے ریاست کے بجلی شعبۂ کے لئے فراخدلانہ مالی امداد بہم رکھی ہے اور اب یہ ہمارا کام ہے کہ ہم اسے مناسب طور استعمال میں لاکر سکیموں کو بروقت مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان سکیموں کی کامیاب عمل آوری سے بجلی کی صورتحال میں انقلابی تبدیلی آئے گی اور ریاست کے تمام صارفین کے لئے بلا خلل بجلی کی ترسیل یقینی بن سکے گی۔انہوں نے افسروں ، پروجیکٹوں کی عمل آوری اور نگرانی سے وابستہ ایجنسیوں کو 11 ویں منصوبے کے تحت پروگراموں اور دیگر سکیموں کی عمل آوری کا جائیزہ لے کر مطلوبہ فیڈ بیک حاصل کرنے کے لئے کہا تا کہ ان سکیموں کو تیز تر بنیاد پر پورا کیا جاسکے اور ان کی تکمیل میں کسی بھی رکاوٹ کو بر وقت دور کیا جاسکے۔