سرینگر// حکومت نے ریاست میں محکمہ بجلی میں تقسیم کاری نظام کی بہتری اور نقصانات کم کرنے کیلئے پنچائتی راج اداروں کو اختیارات تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ بجلی کی جانب سے جاری ایک حکم نامے کے مطابق حکومت نے پنچائتی راج ایکٹ1989 کے سیکشن12 کے سب سیکشن4 کے تحت یہ اختیارات پنچائتی را ج اداروں کو تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکم نامے کے مطابق پنچائتیں اُن گھروں کی نشاندہی کریں گی جہاں ابھی تک بجلی نہیں پہنچائی گئی ہے۔ اس میں عوامی اہمیت کے حامل ادارے بھی شامل ہوں گے اور اس کی رپورٹ جے کے پی ڈی ڈی کے سب ڈویثرنل افسر کو پیش کی جائے گی۔جے کے پی ڈی ڈی نے سب کیلئے بجلی کی دستیابی کے تصور کو یقینی بنانے کے لئے ریاست میں بغیر میٹر والے علاقوں میں میٹر لگانے کا کام ہاتھ میں لیا ہے جس کے تحت دیہی علاقوں میں بھی میٹر لگانے کا عمل شامل ہے۔ پنچائتیں اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ صارفین میٹر کے ذریعے سے بجلی کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنائیں گے۔موسمی حالت یا قدرتی آفات کے نتیجے میں بجلی کی سپلائی میں آنے والے خلل کو دور کرنے کے لئے پنچائتیں متعلقہ ایس ڈی او کو رپورٹ پیش کریں گی تا کہ بجلی کی تیز تر بنیادوں پر بحالی کو یقینی بنایا جاسکے۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ جے کے پی ڈی ڈی بجلی کے تباہ شدہ نظام کو تبدیل کر کے اس میں جدیدیت لائے گی تا ہم پنچائتیں تباہ شدہ اثاثوں کی نشاندہی کر کے انہیں مرحلہ وار طریقے پر بدلنے میں اہم رول ادا کریں گی۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ بجلی نے خراب ہوئی ترسیلی لائنوں ، بوسیدہ بجلی کے کھمبوں اور کنڈکٹروں کو تبدیل کرنے کا عمل ہاتھ میں لیا ہے تا کہ تقسیم کاری نظام میں بہتری لائی جاسکے۔حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پنچائتیں غیر رجسٹر شدہ صارفین کی نشاندہی کریں گی اور تفاوتوں کو دُور کرنے میں محکمہ کی مدد کریں گی۔پی ڈی ڈی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ اس وقت کئی سب سٹیشن قائم کرنے کے لئے درکار اراضی کے حصول سے تعلق سے مشکلات کا سامنا کررہا ہے اور پنچائتیں محکمہ کی مدد کر کے حصول اراضی کو یقینی بنانے میں اہم رول ادا کریں گی تا کہ سکیموں کے فوائد معیاد بند مدت کے اندر اندر لوگوں تک پہنچ سکیں۔علاوہ ازیں پنچائتیں سڑکوں اور عوامی مقامات بشمول مذہبی مقامات پر سٹریٹس لائٹس نصب کریں گی اور ان کے رکھ رکھاؤ پر بھی نظر رکھیں گی۔ اس کے علاوہ پنچائتیں بجلی کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے قابل تجدید توانائی اور غیر روایتی توانائی ذرائع کو فروغ دینے میں بھی اپنا بھرپور رول ادا کریں گی۔