بجلی بلوں کی عدم ادائیگی | محکمہ کی تھنہ منڈی میں کارروائی

 تھنہ منڈی // لاکھوں روپے کے بھاری واجبات اور بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کے چلتے تھنہ منڈی کے بھرت پوری وارڈ نمبر 5/8 اور پرانہ تھنہ میں محکمہ بجلی کے ملازمین نے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر منگل کے روز بجلی کی فراہمی منقطع کر کے واجب الادا بقایا جات کے نادہندگان کے خلاف کارروائی کی۔ اس سلسلے میں بھرت پور ، اسلام پور اور پرانہ تھنہ میں انسپکٹر مدو خان کی سربراہی میں نادہندگان کے خلاف انتہائی سخت اقدامات اٹھائے گئے ۔محکمہ کے ملازمین نے بتایا کہ واجب الادا بقایاجات اور بلوں کی ادائیگی کی وصولی کے سلسلے میں کسی بھی طرح کی نرمی نہیں کی جارہی ہے۔ انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بنا کسی تاخیر کے اپنے تمام بقایاجات کی ادائیگی کریں اور کسی بھی طرح کی لاپرواہی سے اجتناب کریں تاکہ ان کیلئے بجلی کی فراہمی دستیاب رہے۔انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو بجلی کا ماہانہ بل ادا کرنا پڑے گا ۔