بجلی اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی | ہفرڈہ رامحال کے لوگ انتظامیہ سے نالا ں

کپوارہ//ہفرڈہ رامحال علاقہ میں لوگ بجلی کی عدم دستیابی اور پینے کے پانی کی قلت کی وجہ سے متعدد مسائل سے دوچار ہیں۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ ہفرڈہ علا قہ میں لوگ بجلی کے نا قص نظام سے تنگ آچکے ہیں اور شام کے وقت بجلی اکثر و بیشتر غائب رہتی ہے جس کی وجہ سے لوگو ں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقہ کو شیڈول کے مطابق بجلی سپلائی فراہم نہیں کی جاتی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہفرڈہ سے گریڈ اسٹیشن ویلگام محض 8کلو میٹر دور ہے پھر بھی اس علاقہ میں بجلی کی عدم دستیابی سے صارفین پریشان ہیں ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ علاقے میں پینے کے پانی کی بھی سخت قلت ہے جس کی وجہ سے انہیں سردیو ں کے ان سخت ایام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں کا یہ بھی کہنا ہے کہ محکمہ جل شکتی نے لوگو ں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے ایک فلٹریشن پلانٹ تعمیر کیا تاہم ایک دہائی گزر نے کے با وجود بھی اس فلٹریشن پلانٹ کو شروع نہیں کیا گیا اور نتیجے کے طور پرلوگ ناصاف پانی استعمال کرنے کے لئے مجبور ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ گائو ں کے جس حصہ کو پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے ،وہ ایک نالہ سے آتا ہے اوربارشو ں کے دوران یہ پانی پینے کے قابل نہیں رہتا ہے اسلئے لوگ برف پگھلا کر استعمال کرتے ہیں ۔علاقہ کے لوگو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں معقول بجلی سپلائی اور پانی سپلائی کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔