سرینگر//بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کے باعث شہر ودیہات میں لوگوں کو گوناگوں مسائل کا سامنا ہے۔سرینگر سمیت دیگر اضلاع میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے سنگین صورتحال درپیش ہے جس کے نتیجے میں حکومت و انتظامیہ کے خلاف زبردست غم وغصے کا اظہارکیا جارہا ہے۔اکثر علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی معمول بن گئی ہے ،ٹرانسفامروں کی خرابی کی شکایات روز سننے کو مل رہی ہیں اورصارفین کوکئی کئی گھنٹے گھپ اندھیرے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس دوران سرینگر سمیت مختلف اضلاع میں پینے کے پانی کا مسئلہ بھی سنگین صورتحال اختیار کرچکا ہے اور شہر سرینگر کے کئی علاقوں سمیت دیگر قصبہ جات کے علاقے بھی پانی سے محروم ہیں ۔ اننت ناگ کے بجبہاڑہ ،سڈروہ،ویری ناگ ،قاضی گنڈ،پہلگام ،نیپورہ،کوکرناگ ،اچھ بل اور شانگس کے مختلف علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی سے صارفین کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے ۔کئی علاقوں میں ترسیلی لائنیں یا تو خستہ ہیں یا بجلی کھمبوں کے بجائے درختوں کے ساتھ لٹکائی گئی ہیں۔سی این آئی