جموں//راشٹریہ بجرنگ دل کے کارکنوں نے جموں شہر کے مضافات میں پولیس سٹیشن باغ بہو میں مبینہ توہین آمیزحرکت کے خلاف احتجاج کیا۔راشٹریہ بجرنگ دل کے صدر راکیش بجرنگی کی قیادت میں کارکنان نے اس حرکت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اس ایکٹ کے خلاف نعرے لگائے اور ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے پتلا نذر آتش کرتے ہوئے حکومت سے اس معاملے میں مناسب کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا جس سے عینی شاہدین کے مطابق اکثریتی برادری کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔بجرنگی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ہم جذبات کو ٹھیس پہنچانے کو برداشت نہیں کریں گے۔دریں اثنا، جموں مسلم فرنٹ نے ضلع انتظامیہ اور جموں و کشمیر پولیس سے اپیل کی ہے کہ وہ سدھرا میں ایک مذہبی مقام کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔جے ایم ایف کے صدر قاضی عمران نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔انہوں نے کہا، “پولیس کو ملزمین کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہئے اور فرقہ وارانہ امن کو خراب کرنے کے لئے انتہائی قابل مذمت اور اشتعال انگیز واقعہ کے بعد جموں ضلع میں امن کو برقرار رکھنا چاہئے۔”انہوں نے کہا کہ سول انتظامیہ کو سول سوسائٹی کے اراکین اور تمام کمیونٹیز کے اراکین سے بات چیت کرنی چاہیے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ امن خراب نہ ہو۔