بجرنگ دل نے کانگریس کے خلاف احتجاج کیا

جموں// نیشنل بجرنگ دل نے جموں میں کانگریس پارٹی کے اقلیتی امور کے لیڈر صغیر سید خان کی جانب سے گزشتہ روز دئیے گئے ایک مبینہ متنازعہ بیان کے خلاف احتجاج کیا۔جمعرات کے روز نیشنل بجرنگ کے ریاستی صدر راکیش شرما عرف بجرنگی کی قیادت میں سینکڑوں کی تعداد میں بجرنگ دل کے کارکنوں نے جموں میں احتجاجی مظاہرے کے دوران کانگریس پارٹی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔اس موقعہ پر راکیش شرما نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کانگریس پارٹی کے لیڈر اصغر سید خان نے جموں میں ایک بیان دیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر ان کی (کانگریس) کی سرکار آتی ہے تو جو جنگجو ہلاک ہوئے ہیں ان کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے معاوضہ فراہم کیا جائے گا، ان کے کنبے کے ایک ممبر کو سرکاری نوکری فراہم کی جائے گی اور جو جنگجو جیل میں قید ان کو بھی رہا کیا جائے گا '۔ انہوں نے کہا میں کانگریس پارٹی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ انہیں معلوم ہے، فوج نے ان جنگجوؤں کو گرفتار کر نے اوران کیساتھ ہوئی لڑائیوں میں کتنے فوجی جوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے ۔انہوں نے کہا اس قسم کے بیانات سے واضح ہو جاتا ہے کہ کانگریس پاکستان، جنگجو اور علیحدگی پسندوں کے ساتھ ہے۔اس سے یہ بھی واضح ہو جاتا ہے کہ کانگریس پارٹی جنگجوؤں کی پارٹی ہے جبکہ جموںمیں کا نگریس کے سنیئر لیڈر شام لال شرما، رمن بھلہ، وکرم ادیتہ اور وکرم ملہوتر بھی اس معاملے میں اپنا موقف واضح کریں۔ انہوں نے مزید کہاکشمیر میں سیاسی مفادات کے لیے جموں میں اس قسم کے بیانات دئیے جا رہے ہیں جن کو ہم قطعی برداشت نہیں کیاجائے گا۔