بجبہاڑہ میں حزب جنگجوﺅں کی برسی پر ہڑتال

 بجبہاڑہ //بجبہاڑہ میں تین مقامی حزب جنگجوﺅں کی دوسری برسی کے موقع پر جمعرات کو بغیر کال کے مکمل ہڑتال کے بیچ جنگجوﺅں کے مقبروں پر اجتماعی فاتحہ خوانی کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جس میں لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ بجبہاڑہ قصبہ اور اسکے گردونواح کے علاقوں میںجمعرات کو تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ گاڑیوں کی آمدورفت بھی متاثر رہی جس کے نتیجے میں قصبہ کے بازاروں میںلوگوں کی کم تعداد نظر آئی۔یہ ہڑتال حزب المجاہدین سے وابستہ تین مقامی جنگجوﺅں عادل احمد شیخ ساکن گوری ون، تنویر احمد بٹ ساکن بابا محلہ اور سرتاج احمد لون ساکن وپزن کی یاد میں کی گئی۔تینوں جنگجوایک طویل عرصے تک انتہائی سرگرم رہنے کے بعد سال2015میں آج ہی کے دن سلی گام عشمقام میں فورسز کے ساتھ جھڑپ کے دوران جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے تھے۔تب سے انکی برسی پر قصبے میں ہڑتال کی جاتی ہے ۔ اس بار بھی کسی تنظیم نے ہڑتال کی کال نہیں دی تھی لیکن اس کے باوجود مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔تاہم ہڑتال کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا،حالانکہ پولیس نے امکانی احتجاج کے پیش نظر حفاظت کے اضافی اقدامات کئے تھے۔دریں اثناءتینوں جنگجوﺅںکے مقبروں پر اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا اوراس سلسلے میں دن بھر تعزیتی تقاریب منعقد ہوئیں جس دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جنگجوﺅں کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ صبح سویرے سے ہی سخت سردیوں کے باوجود تینوں جنگجوﺅںکے مقبروں پر لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔