باہمت آشاورکر کا کارنامہ

پلوامہ // تحصیل پانپور کی دور افتادہ گوجر بستی میں حالیہ دنوں کی برف باری کے دوران ایک آشا ورکر نے برف میں پھنسی حاملہ خاتون کی سرراہ کامیاب ڈیلیوری کر کے زچہ اور بچہ کی جان بچانے میں اہم رول ادا کیا۔ اس دوران مقامی لوگوں نے اس خاتون کے رول کی تعریف کی ہے ۔ادھر محکمہ صحت کے افسران نے بتایا خاتون نے اِس سے قبل کووِڈ – 19 کے دور بھی لوگوں کو جانکاری فراہم کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ لدھو پانپورکی دور افتادہ گجر بستی بب سیر میںگزشتہ دنوں کی شدیدبرف باری کے دوران علاقے میں ایک حاملہ خاتون نے درد کی شکایت کی ، جس دوران یہاں علاقے میں موجود ایک آشا ورکرکو ان کے گھر والوں نے فوری طور مطلع کیا، جس کے بعد رفیقہ نامی آشا ورکرنے پہلے کئی کلو میٹر پیدل سفر طے کر کے درد زہ میں مبتلا خاتون کے گھر پہنچی اور اس کے بعد حاملہ خاتون کو دیگر دو خواتین کے ساتھ پہاڑی علاقے سے میدانی علاقے تک لے جانے کی کوشش کی اس دوران خاتون نے شدید درد کی شکایت کی ، جس دوران آشا ورکر رفیقہ بانوں نے ہمت کا مظاہرہ کر کے برف پر ایک کمبل بچھا کرخاتون کی کامیاب ڈیلیوری کرا کر دو نوں زچہ اور بچہ کی جان بچائی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس علاقے تک رابطہ سڑک نہیں ہے اور یہ گائوںایک پہاڑی پر واقع ہے جہاں صرف گجر طبقے سے وابستہ لوگ مقیم ہیں۔ برف باری کے دوران یہاں پیدل چلنا بھی مشکل بن جاتاہے اور وہاں کسی بھی طرح کے آمدرفت کا بند و بست نہیں ہوتا ہے۔رفیقہ بانو آشاورکر نے کشمیر عظمی کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے بتایاکہ خاتون نے ایک بیٹے کو جنم دیا، جو بہتر حالت میں ہے ۔انہوں نے بتایا اس کے بعد پھر تین کلومیٹر سفر طے کر کے خاتون کو لدھو اسپتال میں منتقل کیا جہاں یہ دونوں بچہ اور ماں صحت یاب و سلامت ہیں جس کو لیکر لوگوں نے آشا ورکر کی صلاحیت اور کام کو سراہا ہے۔خیال رہے آشا ورکر صرف دوہزار روپیوں کے مشاہرے پر اپنا فرض نبھا رہی ہے تاہم یہاں اس خاتون نے انسانیت کے ساتھ ساتھ اپنے پیشے کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ ادھر محکمہ صحت کے اعلیٰ افسروں نے آشا ورکر کے اس کار نامے پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ وہیں بلاک میڈکل آفسر پانپور آسمہ نظیر نے آشا ورکر کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی۔ اس موقعہ پر میڈکل آفیسر پانپور ڈاکٹر محمد اشرف بھی موجود رہے ۔محمد اشرف نے کہا کہ محکمہ صحت میں کام کررہے تمام آشا ورکرس ہمیشہ ہر کسی صورت حا ل میں اپنا فرض بخوبی نبھاتے ہیں اور خاص کر اس آشا ورکر رفیقہ نے کووڈ کے دوران دیہی علاقوں میں جاکر کووڈ سے دور رہنے اور ویکسینیشن کرنے میں اپنا کلیدی رول نبھایا ہے۔ڈی ڈی سی ممبر پانیور تعظیم جان نے بہادر آشا ورکر کے رول کی تعریف کرتے ہوئے اُسے مبارکباد پیش کی ہے ۔