بانہال کے دور افتادہ علاقہ نیل میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد

 بانہال // گذشتہ روز بانہال کے علاقہ نیل میں گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر سے آئی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ڈاک بنگلہ نیل ٹاپ میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں وادی کشمیر سے آئے ادھ درجن سے زائد ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے نیل کے درجن بھر علاقوں سے آئے ایک ہزار کے قریب مرد وخواتین کا طبی معائنہ کیا اور اْن میں حسب ضرورت مفت ادویات تقسیم کیں ۔ اس کامیاب کیمپ کا انعقاد گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں رزیڈنٹ جرنل سرجن کے طور تعینات نیل کے ایک داکٹر ، ڈاکٹر یاسر عرفات سوہل کی کائوشوں کے نتیجے میں عمل میں لایا گیا اور اس کیمپ کو کامیاب بنانے کیلئے مقامی رضاکار طارق ابراہیم سوہل اور دیگران پیش پیش رہے جبکہ نزدیکی فوجی کیمپ کے میجر مہیندر سنگھ نے کیمپ کے انعقاد میں ٹیم کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ نیل کی عوام کے لئے یہ طبی کیمپ کسی تہوار سے کم نہ تھا اورمحکمہ صحت کی عدم توجہی کا شکار لوگ اس کیمپ میں پہنچے اور اپنی طبی جانچ کرائی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس پسماندہ علاقہ کی عوام ملک کی آزادی سے آج تک طبی سہولیات سے محروم ہیں اور وادی کشمیر سے آئے ہوئے ڈاکٹروں کو بھی یہ جان کر انتہائی حیرت ہوئی کہ پورے علاقہ نیل کی دس ہزار سے زائد آبادی کیلئے اب تک کوئی ایم بی ایس ایس ڈاکٹر تعینات ہی نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہم لوگ ڈاکٹر یاسرعرفات سوہل کے اس اقدام کی سراہنا کرتے ہیں جن کی وجہ سے اس دور افتادہ علاقے میں لوگوں کو گھر کی دہلیز پر سرینگر سے آئی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے علاج مہیا کیا اور مفت ادویات تقسیم کیں۔ انہوں نے مستقبل میں بھی ایسے کیمپ لگانے کی ڈاکٹر یاسر اور اْن کی ٹیم سے استدعا کی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ نیل کی پسماندہ عوام کا سیاسی لیڈروں اور جماعتوں کے علاوہ محکمہ صحت کے حکام سے  بھروسہ ختم ہوچکا ہے اور مقامی لوگ مستقبل قریب میں بھی علاقے میں طبی شعبے کی بہتری کی امید کو دیوانے کا خواب سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے ریاست جموں وکشمیر کے موجودہ گورنر ستیہ پال ملک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقہ نیل کی طبی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے ذاتی دلچسپی کا مظاہرہ کرکے علاقے میں قائم طبی مراکزوں میں ڈاکٹروں کی طعیناتی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔اس طبی کیمپ میں ڈاکٹر افتخاروانی لیکچرار ارتھوپیڈکس گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر ، ڈاکٹرعاشق یورولوجسٹ ، ڈاکٹر نظیراحمد وانی کنسلٹنٹ سرجن ، ڈاکٹر میر ہمایوں نیرو سائیکیٹرسٹ یوروفلامیٹری اور ڈاکٹر یاسر عرفات سوہل رزیڈنٹ جرنل سرجن گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر نے شرکت کی۔ جبکہ اس کیمپ کو مقامی سطح پر کامیاب بنانے میں ماسٹر طارق ابراہیم سوہل اور اْن کے رفقاء پیش پیش رہے جبکہ ٹینٹ ، کرسیاں اور دیگر سامان فراہم کرنے میں مقامی فوجی کیمپ کے میجر مہیندر سنگھ نے کیمپ کے انعقاد میں منتظمین کو بھر پور تعاون کیا۔