بانہال کٹرہ ریلوے لائن کا اہم سنگ میل عبور | ہندوستانی ریلوے کی سب سے طویل13کلو میٹر ٹنل کو آر پار کیا گیا

بانہال //ادھمپور سرینگر بارہمولہ ریلوے لائن پروجیکٹ میں ہندوستانی ریلوے کے سب سے لمبی ریلوے ٹنل کی مرکزی سرنگ کو آر پار کیا گیا۔اسکی لمبائی 13کلو میٹر ہے اور یہ کٹرا- بانہال سیکشن کے سمبڑ (رام بن ) اور آڑپنچلہ (کھڑی بانہال)ریلوے سٹیشن کے درمیان واقع ہے۔ قریب 13 کلومیٹر لمبی ریلوے ٹنل کی سرنگ آر پار کر کے کٹرہ اور بانہال کے درمیان زیر تعمیر ریلوے لائن کا ایک اہم سنگ میل طے کیا گیا ہے۔اس ٹنل کی سرنگ کی تعمیرایچ سی سی اور ہندوستان کنسٹریکشن کمپنی کررہی ہے۔ادھمپور اور بارہمولہ کے درمیان ریل لنک پروجیکٹ کی کل لمبائی 272 کلومیٹر ہے اور بانہال اور بارہمولہ کے درمیان 161 کلومیٹر کے حصے کو پہلے ہی قابل آمدورفت بنایا گیا ہے اور ریل سروس چل رہی ہے ۔ کٹرہ اور بانہال کے درمیان ریلوے لائن کی کل لمبائی 111کلو میٹر ہے، جس پر یہ لمبی ٹنل تعمیر کی جارہی ہے۔منگل کے روز سمبڑ کے علاقے میں ریلوے ٹنل آر پار کی گئی۔اس موقعہ پر ریل پروجیکٹ کے چیف انجینئر اے کے کھانڈیوال کے علاوہ شمالی ریلوے  HCC اورAFFCON کے افسران اور انجینئر بھی موجود تھے۔ ریلوے حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کٹرہ اور بانہال کے درمیان 111 کلومیٹر لمبے حصے پر تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور کئی بڑے پل اورلمبی ریلوے سرنگوں کی تعمیرمختلف مرحلوں میں چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 3برسوں میں اس سیکشن کو مکمل کرنے کی امید ہے۔ اس ریلوے ٹنل کی تعمیر کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ HCC اور AFFCON تعمیراتی کمپنیاں کررہی ہیںہندوستان کنسٹریکشن کمپنی اس طویل ترین ٹنل کے پانچ سے زائد کلومیٹرکی تعمیر کررہی ہے جبکہ بقیہ کام افکان کمپنی انجام دے رہی ہے۔ ٹنل کی تعمیر نیو آسٹرین ٹنل میتھڈ NATM کی مدد سے کی جارہی ہے جس میں کھدائی اور بلاسٹنگ کیلئے جدید سسٹم کا استعمال لایا جارہاہے۔