بانہال پہنچنے پر سی آر پی خواتین بائیکرز ریلی کا پرتپاک استقبال اعلیٰ افسروں سمیت سکولی بچوں اور مقامی لوگوں کی استقبالیہ تقریب میں شرکت

محمد تسکین

بانہال // سی آر پی ایف خواتین بائیک ریلی جسے ایل جی منوج سنہا نے منگل کی صبح سرینگر سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا ، کا بانہال پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔سی آر پی ایف 166 بٹالین کے سیکنڈ ان کمانڈ نوین کمار یادو اور دیگر افسران نے خواتین بائیک ریلی کو نویگہ ٹنل پر استقبال کرنے کے بعد انہیں لامبر گراؤنڈ بانہال پہنچایا۔ اس موقع پر پچاس خواتین بائیکرس نے سکولی بچوں اور مقامی خواتین کے ساتھ بات چیت کی اور مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر سی آر پی ایف کے ڈی آئی جی آپریشنز جموں نارتھ راجیش دھکروال، کمانڈنگ افیسر 166 بٹالین ہرگیان سنگھ گجر ، کمانڈنگ آفیسر 24 بٹالین وائی۔ این رائے، لیفٹیننٹ کرنل اتل سنگھ اور بارہ راشٹریہ رائفلز کے افسران نے خواتین بائیکرز ٹیم کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام ، ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس بٹ ، ڈی ایس پی ٹریفک اصغر ملک، آر پی ایف، جی آر پی کے افسران، پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول گرلز بانہال شبیر احمد تانترے ، نیو کانونٹ انسٹیٹیوٹ کے پرنسپل کی بھی موجود تھے۔ سکول کے بچوں اور 166 بٹالین کے جوانوں نے رنگا رنگ کلچرل پروگرام پیش کئے اور وہاں موجود لوگوں سے داد وصول کی ۔ واضح رہے کہ سرینگر سے روانہ کہ گئی خواتین بائیکرز کی یہ ریلی پندرہ ریاستوں کے 40 اضلاع سے ہوتے ہوئے 2200 کلو میٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کر کے 31 اکتوبر کو سابق نائب وزیر اعظم اور جدید ہندوستان کو متحد کرنے والے سر دار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر ایکتا نگر گجرات پہنچے گی۔