بانہال والینٹرس کا ایثار

بانہال // بانہال میں کام کرنے والی مقامی رضاکار تنظیم بانہال والینٹرس کی طرف سے بانہال کے لیورہ، چملواس میں قائم سرکاری مڈل سکول میں زیر تعلیم غریب بچوں میں ایک تقریب کے دوران انسانی جذبہ کے تحت سٹیشنری کی آئٹم تقسیم کی ہیں۔ ایک بیان کے مطابق رضاکار تنظیم بانہال والینٹرس نے سروے کر کے اس سکول میں زیر تعلیم غریب والدین کو مستحق پانے کے بعد اْن میں کاپیاں ، پین ، پنسل اور دیگر سامان تقسیم کیا۔ اس موقعہ پر وہاں کے مقامی لوگوں نے رضاکار تنظیم کے رضاکاروں کے جذبہ ایثار کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے رضاکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کا فریضہ ہے تاکہ سماج میں رضاکاری اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دیا جاسکے۔ مقامی رضاکار تنظیم بانہال والینٹرس کے صدر محمد ادریس وانی نے کہا کہ یہ مقامی رضاکاروں کی مشترکہ کوشش اور کاوشوں کا نتیجہ ہے اور وہ سماجی کاموں  کے اس سلسلے کو آگے بھی جاری رکھنے کی کوشش کرینگے۔ اْنہوں نے کہا ہے کہ سماجی برائیوں پر قابو پانے کے لئے بھی بانہال والینٹرس اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کیلئے تمام رضاکار متحرک اور متحدہ  ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں عوام کا تعاون طلب کرتے ہیں تاکہ سڑک حادثات اور ناگہانی آفات کے علاوہ سماج کے کمتر لوگوں کی مدد کیلئے بانہال والینٹرس اپنے کردارکو بخوبی انجام دے سکے۔