بانہال میں 94 کلو گرام پوست برآمد ،3گرفتار

رام بن// بانہال پولیس نے منگل کو گاڑیوں سے 94 کلو گرام پوست کا بھوسا برآمد کرنے کے بعد تین افراد کو گرفتار کیا۔پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹی چوک بانہال پر معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران سرینگر سے پنجاب کی طرف جانے والے ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر JK19-2187 کوچیکنگ کے لیے روکا گیااور تلاشی کے دوران ٹرک سے 90 کلو گرام پوست کا بھوسا برآمد ہوا۔پولیس نے بتایا کہ ٹرک کے ڈرائیور کی شناخت ارشاد یتو ولد غلام محمد یتو ساکن شگن پورہ، ضلع کولگام کے طور پر ہوئی ہے جسے موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔اسی طرح کے ایک واقعہ میں نویوگا ٹنل بانہال میں معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس چوکی جواہر ٹنل کی ناکہ پارٹی نے ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر JK02-AH-0717 کو چیکنگ کے لیے روکا جس کی تلاشی کے دوران 4 کلو پوست کا بھوسا برآمد ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ ٹرک کے ڈرائیور کی شناخت انگریز کمار ولد دھرم چند ساکنہ درتھی، کٹرا ریاسی اور اس کے مددگار کاکا رام ولد موتی راما ساکنہ ججر کوٹلی ڈنسال جموں کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بانہال میں دو الگ الگ ایف آئی آر درج کی ہیں۔