بانہال میں گاڑیوں اور موٹرسائیکل تصادم کے 2واقعات | ایک موٹر سائیکل سوار لقمہ اجل ،3دیگر زخمی

بانہال// اتوار کی دیر شام آٹھ بجے جموں سرینگر شاہراہ پر واقع بانہال کے نزدیک فورمین شاہراہ پر پیش آئے ایک موٹر سائیکل حادثے میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ دوسرا زخمی ہوا یے۔ پولیس نے بتایا کہ موٹر سائیکل نمبر JK19/7322 مخالف سمت سے آرہے ٹرک سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے اور دونوں کو سب ضلع ہسپتال بانہال منتقیل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک زخم کو مردہ قرار دے دیا اور اس کی شناخت ساحر سلیم عمر 18 سال ولد مرحوم محمد سلیم ساکنہ چریل بانہال کے طور کی ہے جبکہ زخمی سوار کی شناخت انیس سالہ حسیب مشتاق ولد مشتاق احمد ساکنہ چریل بانہال کے طور کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹرک ڈرائیور وہاں سے فرار ہوگیا ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ واضح رہے کہ مہلوک ساحر سلیم کا والد محمد سلیم محکمہ بجلی کا ایک عارضی ملازم تھا اور  چند سال پہلے درزی پورہ کے قریب  ایک خراب  بجلی ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرنے کے دوران  کرنٹ لگنے سے بری طرح سے جھلس کر لقمہ اجل بنا تھا اور مرحوم کی اہلیہ محکمہ بجلی سے انصاف کیجئے آج بھی دربدر بھٹکنے پر مجبور ہے۔ ادھر اتوار کی دوپہر شاہراہ پر واقع بانہال کے نزدیک روم پڑی علاقے میں ایک ٹرک اور ایک پک اپ گاڑی کی ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں پک اپ میں دو افراد زخمی ہوئے اور انہیں بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت سے ضروری کاروائی کی یے اور زخمیوں کی حالت بھی بہتر ہے۔