بانہال میں کمسن لڑکی کو مہو نالہ میں ڈوبنے سے بچالیاگیا | بچاؤ کاروائیوں میں شامل افراد کو انعامات سے نوازنے کا اعلان

بانہال//مہو نالہ بانہال میںعارضی پل پر سے پھسل جانے کے بعد ایک دس سالہ بچی کو مقامی رضاکاروں اور جموں کشمیر پولیس اہلکاروں نے جان جوکھم میں ڈال کر تیزبہتے پانی سے باہر نکالا۔اتوار کی صبح بانہال کے کھڑی علاقے میں ایک دس بر س کی بچی مہونالہ میں اُس وقت گر کر بہہ گئی جب وہ اپنی کسی رشتہ دارخاتون کے ساتھ کھڑی ہسپتال آئی تھی اور واپسی پر ایک عارضی پل پر نالہ پار کرنے کے دوران لڑکی پائوں پھسل کرپانی  میں گرگئی۔پانی کاتیزبہائو رابعہ ایازنامی اس بچی کو آدھ کلومیٹر تک اپنے ساتھ بہا لے گیا۔اس موقعہ پرمقامی رضاکار راشد اورپولیس اہلکاربشیرنے کمال جرات کامظاہرہ کرکے اپنی جان خطرے میں ڈال کر نالہ میں چھلانگ لگاکر بچی کو بچالیا۔تحصیلدارکھڑی اشوک کمار نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ اُن کی اس لاجواب کارروائی کیلئے انتظامیہ کی طرف سے انہیں انعام سے نوازاجائے گاتاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔انہوں نے کہا کہ بچی اب ٹھیک ہے اور اُسے اب گھر بھیجا جارہا ہے۔