بانہال میں ٹرک لڑھک گیا

 
بانہال // سرینگر جموں شاہراہ پربانہال کے نزدیک بلدیاتی چنائو ڈیوٹی پر آرہے بی ایس ایف گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 2اہلکار ہلاک جبکہ گاڑی کا ڈرائیور بھی لقمہ اجل بن گیا۔ یہ حادثہ بانہال سے تین کلو میٹر دور رتن باس کے قریب بدھ کی د وپہر اڑھائی بجے پیش آیا۔ بی ایس ایف اہلکاروں کو لیکر آنے والا یہ ٹرک اکھنور سے وادی کشمیر کی طرف آرہا تھا ۔ یہ اہلکار وادی میں بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات میں ڈیوٹی دینے کے سلسلے میں جارہے تھے۔ ٹرک زیر نمبر JK02F/6375 شاہراہ سے لڑھک کر کم از کم دو سوفٹ نیچے بہہ رہے نالہ بشلڑی کے کنارے جا گرا اور ٹرک میں سوار تینوں افراد مارے گئے ۔ بانہال پولیس اور بانہال والنٹیئرس کے رضاکارجائے حادثے پر پہنچے ا ور انہوں نے بچاو کاروائیوں کا آغاز کیا ۔ حادثے کی جگہ پر ٹرک میں فورسز کا سامان بکھرا پڑا تھا اور ٹرک مکمل طور تباہ ہوگیا تھا۔بانہال پولیس نے مرنے والوں کی شناخت بی ایس ایف 89 ویں بٹالین کے ہیڈ کانسٹبل آتما سنگھ اور کانسٹبل اجیت سنگھ کے طور کی ہے جبکہ  ٹرک ڈرائیور کی شناخت بلبیر سنگھ ساکن گوند پورہ سمبل جموں کے طور کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ ٹرک بی ایس ایف کی اْس کانوائے کا حصہ تھا جو بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں اکھنور سے سرینگر کی طرف آرہی تھی۔