بانہال میں لاکھوں مالیت کے 63 قیمتی پتھر بر آمد

رام بن //بانہال پولیس نے جمعہ ے روز ایک ناکہ کے دوران ایک نیلم سمگلر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کے 63 قیمتی پتھر کے ٹکڑے بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق پولیس نے ایک خصوصی جانکاری پر جموں ۔قومی شاہراہ پر بانہال کے بیرونی علاقہ ٹی چوک پر ایک ناکہ لگایا  اور ایک شخض کو ریلوے اسٹیشن بانہال سے بس اسٹینڈ بانہال کی جانب آتے دیکھا ۔ انسپکٹر نذیر وانی ناکہ پارٹی کی قیادت کر رہے تھے،جس نے ٹی چوک پر تلاشی کے دوران اسکے بیگ سے لاکھوں روپے مالیت کے 63 قیمتی پتھر (نیلم)کے ٹکڑے بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس نے مذکورہ سمگلر کی شناخت محمد شفیع زرگر ولد غلام محمد زرگر ساکنہ نیو سیمنہ کالونی ،کشتواڑ کے طور بیان کی ہے۔پولسی کے مطابق محمد شفیع نے یہ کھیپ اننت ناگ سے لائی تھی اور اب اسے جموں لے جا رہا تھا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 7 درج کرکے پولیس اسٹیشن بانہال میں مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔پولیس نے یہ گرفتاری ایس ڈی پی او بانہال سجاد سرور اور ایڈیشنل ایس پی سنجے پریہار اور ایس ایس پی رام بن انیتا شرما کی نگرانی میں عمل میں لائی ہے۔