بانہال میں ریچھ کے حملوں میں خاتون سمیت دو زخمی

بانہال //بانہال کے علاقے میں ریچھ کے دو الگ الگ حملوں میں ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دونوں کو بانہال ہسپتال میں داخل کیا گیا یے۔ اتوار کی دوپہر پہلا واقع میں بانہال کے چاپناڑی گدڑ علاقے میں اسوقت پیش آیا جب اپنے گھر کے نزدیک چل رہی خاتون پر جھاڑیوں سے نمودار ہونے والے ایک ریچھ نے حملہ کیا۔ خاتون کی شناخت وزیرہ بیگم ساکنہ چاپناڑی کے طور کی گئی ہے اور اسے زخمی حالت میں ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ہے۔اتوار دوپہر بعد ریچھ کے دوسرے حملے میں ایک خانہ بدوش بکروال اسوقت شدید زخمی ہوا جب بانہال کے کھارپورہ ٹاپ پر ایک ریچھ بھیڑ بکریوں کو چارا رہے خانہ بدوش پر حملہ آور ہوا ۔زخمی کی شناخت محمد شریف ولد داد بکروال ساکنہ کوٹھی جاگیر پنچایت کبھی تحصیل و ضلع رامبن کے طور کی گئی ہے اور بانہال والنٹیرز کے رضاکاروں نے شدید زخمی بکروال کو فوری طور پر بانہال ہسپتال منتقل کیا جہاں سے اس کی شدید زخمی حالت کے پیش نظر اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔ انچارج وائلڈ لائف کنٹرول روم بانہال نجم الدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ریچھ کے حملے کی ان دو وارداتوں کے بعد وائلڈ لائف بانہال اور کھڑی سے ٹیموں کو چاپناڑی اور کھارپورہ ٹاپ روانہ کیا گیا ہے تاکہ جنگلی درندوں کو بستیوں سے دور بھگایا جائے اور مزید کسی نقصان کو ٹالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریچھ کے حملے میں زخمی خاتون بانہال ہسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ شدید طور زخمی ہوئے محمد شریف بکروال کو مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی درندے کے حملے میں زخمیوں کو معاوضہ کی ادائیگی کیلئے کاغذی لوازمات تیار کئے جارہے ہیں۔