بانہال // ضلع رام بن کے چھ تعلیمی زونوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 900 کے قریب اساتذہ نے بی ایڈ سال دوم کے لئے بارہ روزہ ورکشاپ کا پروگرام بدھوار کو مکمل کرلیا ۔ دوسال قبل محکمہ تعلیم کی طرف سے تمام گریجویٹ اساتذہ کو تربیت یافتہ اور پیشہ ور ٹیچر بنانے کی غرض سے بی ایڈ کورس کے لئے ان کا داخلہ اگنو کے ذریعے کرایا گیا تھا ۔اس ضمن میں سٹیڈی سینٹر ڈائٹ بانہال کی طرف سے ضلع رام بن کے چھ تعلیمی زونوں جن میں بانہال، کھڑی، اکھڑال، رام بن، گول اور بٹوٹ شامل ہیں ،کے 890 اساتذہ نے شرکت کی اور ہر زون میں ان کے لئے ورک شاپ سینٹر منعقد کئے گئے تھے ۔ ڈائٹ بانہال سے کورس کارڈی نیٹر منظور احمد کٹوچ کی نگرانی میں اس ورکشاپ کے دوران بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے مختلف طریقہ کار کے بارے میں اساتذہ کوواقف کرایا گیا ۔اس بارہ روزہ ورک شاپ کے دوران اساتذہ کو پڑھانے کے مختلف طریقہ کار بتائے گئے تاکہ وہ سکولوں میں انہیں رائج کر سکیں ۔ 19 فروری کو شروع ہوئے اس ورکشاپ کے آخری روز بانہال میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں ڈائٹ پرنسپل بانہال رشپال چوہان کے علاوہ پرنسپل ہائر سیکنڈری سکول بانہال، ایچ او ڈی ڈائٹ سنجے کمار داس، کورس کارڈی نیٹر منظور احمد کٹوچ،لیکچرر ڈائٹ محمد عباس گیری، مشتاق احمد، منظور احمد کامگار کے علاوہ دیگرکئی اساتذہ نے زیر تربیت اساتذہ کو دو سالہ بی ایڈ کورس کاآخری ورکشاپ مکمل کرنے پر انہیں مبارک بادی پیش کی ۔ اس موقع پر مقرر ین نے اساتذہ کو پڑھانے کے مختلف نئے طریقوں سے واقف کرانے کے علاوہ اساتذہ کو ان طریقوں کو اپنے سکولوں میں اپنانے پر زور دیتے ہوئے انہیں بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کی تلقین کی۔
بانہال میںڈائٹ کا 12روزہ ورکشاپ مکمل
