محمد تسکین
بانہال//کووڈ لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد بھی بانہال اور بارہمولہ کے درمیان ابھی تک صرف5ریل گاڑیاں ہی چلائی جارہی ہیں۔ حالانکہعالمی وبائی بیماری پھیلنے سے پہلے بانہال اور بارہمولہ کے درمیان 11ریل گاڑیاں چلائی جارہی تھیں۔ریل سروس کی کمی کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور دن کے اوقات میں ریل سروس میسر نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو سڑک کے ذریعے بانہال سے جموں یا بانہال سے سرینگر تک گاڑیوں کے ذریعہ رخ کرنا پڑتا ہے۔ کشمیر ریلوے شیڈول کے مطابق صبح کے اوقات میں ساڑھے دس بجے تک تین ریل گاڑیوں کو دونوں طرف سے بانہال اور بارہمولہ ریلوے ٹریک پر چلایا جاتا ہے جبکہ دن کے اوقات میں اس روٹ پر کوئی بھی ریل گاڑی نہیں چلتی ہے اور شام کو دو ریل گاڑیاں پھر چلائی جاتی ہیں ۔ یوں کل ملا کر پانچ ریل گاڑیوں کو ایک طرف سے چلایا جاتا ہے جبکہ پہلے گیارہ گیارہ ریل گاڑیاں چلائی جاتی تھیں۔ بھاری رش کے باوجود صرف چھ ریل گاڑیوں کو مسلسل بند رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے اور اس کی وجہ سے بانہال اور کشمیر کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو کئی کئی گھنٹوں تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ دن کے اوقات میں ریل گاڑیوں کی مسلسل کمی اور چھ ریل گاڑیوں کے ٹریک سے غائب رہنے کے معاملے نے ریل سے سفر کرنے والے عام مسافروں کو مشکلات میں مبتلا کردیا ہے ۔ ریلوے انسپکٹر کشمیر ریلوے عبدالبصیر بالی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے قریب ایک سال سے بانہال اور بارہمولہ کے درمیان ریلوے سروسز کو بجلی سپلائی سے چلانے کیلئے ریلوے ٹریک کی الیکٹریفکیشن کی جارہی ہے اور آئندہ چھ مہینے میں اسے مکمل کرنے کے بعد ہی معمول کی ریل گاڑیوں کو چلایا جائیگا۔