بانہال بارہمولہ ریل خدمات کو بحال کرنے کا مسافروں کا مطالبہ

سرینگر//کوروناوائرس کی عالمگیر وباء کے پیش نظر اس سال مارچ میں بانہال بارہ مولہ ریل سروس بند کئے جانے سے مسافروں کو سخت پریشانیوں کاسامنا ہے اوروہ مطالبہ کررہے ہیں کہ ریل سروس کو فوری طور بحال کیا جائے جبکہ محکمہ ریلویز کاکہناہے کہ وہ ریل خدمات بحال کرنے کیلئے تیار ہے تاہم جموں کشمیرانتظامیہ کی اجازت لازمی ہے۔ سی این آئی کے مطابق امسال  مارچ میںجموںکشمیر میںکورونا وائرس کے پھیلائو کوروکنے کیلئے مکمل لاک ڈائون کیا گیا جس دوران تمام تجارتی و کارو باری سرگرمیاں ٹھپ رہنے کے علاوہ ٹرانسپورٹ اور ریل خدمات بھی معطل کی گئیں ۔ اگرچہ بعد میں ٹرانسپورٹ خدمات کو مشروط بنیادوں پر چلنے کی اجازت دی گئی ،تاہم بانہال سے بارہمولہ کے مابین چلنے والی ریل خدمات ہنوز بندپڑی ہوئی ہے اور ابھی تک ان خدمات کو بحال کرنے میں جموں کشمیر انتظامیہ سنجیدہ نظر نہیں آ رہی ہے ۔ گزشتہ نو ماہ سے مسلسل ریل خدمات بند رہنے کے باعث بانہال سے سرینگر اور بارہمولہ اور بارہمولہ سے قاضی گنڈ اور بانہال کاسفر کرنے والے مسافروں میںکافی تشویش پائی جا رہی ہے اور وہ بار بار مطالبہ کر رہے ہیں کہ ریل خدمات کو دوبارہ بحال کیا جائے ۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ کورنا لاک ڈائون کے بعد اگر چہ اَن لاک میں دیگر ٹرانسپورٹ خدمات بحال کی گئیں تاہم ریل سروس کیوں کر بند پڑی ہوئی ہے اور ابھی تک ریل خدمات کو کیوں بحال نہیںکیا گیا  ۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ بانہال سے بارہمولہ کے درمیان ریل خدمات سے ان کا قیمتی وقت بھی بچ جاتا تھا جبکہ کرایہ بھی کافی کم تھا جس کے باعث مسافروں کوراحت ملتی تھی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانہال او ر بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ریل خدمات جلد از جلد بحال کیا جائے تاکہ مسافروں کی پریشانیوں کاازالہ ہو  ۔ ادھر محکمہ ریلوئے کا کہنا ہے کہ وہ بانہال سے بارہمولہ کے درمیان ریل خدمات بحال کرنے کیلئے تیار ہے تاہم اس میں انہیں جموںکشمیر انتظامیہ کی  اجازت ضروری ہے ۔ محکمہ کے ایک سنیئر آفیسر کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر انتظامیہ کی جانب سے ہری جھنڈی ملنے کے ساتھ ہی ریل خدمات کو بحال کیا جائے گا ۔